آسٹریلیا کے بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے سری لنکا کے خلاف تین ٹوینٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں اپنی سالگرہ کے دن دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ٹی ٹونٹی کیرئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔ یوں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 134 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی۔
آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے کپتان ایرن فنچ اور گلین میکسویل دونوں کے ساتھ سنچری سٹینڈ بنائے۔
انہوں نے 56 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100رنز بنائے۔ کپتان فنچ نے 34 گیندوں پر 64 اور میکسویل نے صرف 28 گیندوں پر 62 رنز کی اننگ کھیلی۔
جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور وہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنا سکی۔
آسٹریلیا کے سپنر زمپا نے 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ٹی ٹونٹی میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی فتح اور سری لنکا کی بدترین شکست تھی۔