|
آسٹریلیا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کر دیا ہے۔
پیر کو ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان اور نسیم شاہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔
پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام رہے۔ تاہم بابر اعظم اور حسب اللہ خان نے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کا اسکور 6.5 اوورز میں 61 رنز ہوا تو حسب اللہ خان 19 گیندوں پر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی دکھانے والے عثمان خان تیسرے میچ میں ناکام رہے اور صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 117 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
بابر اعظم 28 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ عرفان خان نیازی 10، سلمان علی آغا اور عباس آفریدی ایک، ایک اور جہانداد خان پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 16 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایرن ہارڈلی چار اوورز میں 21 رنز دے کر تین اور اسپینسر جانسن 3.1 اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔
جواب میں آسٹریلیا نے بھی اننگز کا آغاز برق رفتاری سے کیا اور مارکوس اسٹوائنس کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت 12 ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے بالر رہے جنہوں نے تین اوورز میں 43 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ حارث رؤف نے تین اوورز میں 34 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے بعد پاکستان کا دورۂ آسٹریلیا بھی ختم ہو گیا ہے۔ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کو دو، ایک سے شکست دی تھی، تاہم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اسے تین، صفر سے شکست ہوئی ہے۔