اعصاب شکن مقابلے کے بعد، ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں جاپان نے ملائیشیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-1 سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا، مقررہ وقت تک مقابلہ 6-6 سے برابر تھا۔
ایک موقع پر جاپان کی ٹیم 5-2 کے خسارے میں تھی۔ لیکن آخری لمحات میں حیران کن کھیل پیش کرتے ہوئے، جاپان نے 4 گول بنائے جبکہ ملائیشیا کی ٹیم صرف ایک گول کرسکی۔
یوں میچ 6-6 سے برابر رہا۔ اور پھر جاپان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ملائیشیا کو شکست سے دوچار کیا۔
ایشین گیمز 2018ء میں ہاکی ایونٹ کے فائنل میں پہلے ہی پیریڈ میں کافی تیز رفتار کھیل دیکھنے میں آیا، ملائیشیا نے چوتھے ہی منٹ میں اُس وقت برتری حاصل کی جب محمد رضی عبدالرحیم نے پنالٹی کارنر پر گول کر دیا۔
لیکن نویں منٹ میں جاپان کے سیرن تناکا نے گول کرکے میچ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔ مگر دو منٹ بعد ہی ٹینگکو احمد تاج الدین نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے ایک بار پھر ملائیشیا کو 3-1 کی سبقت دلادی۔
دوسرے پیریڈ میں بھی ملائیشیا نے میچ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور کھیل کے 17 ویں منٹ میں فیصل ساری نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری کو 4-1 کے ساتھ مزید مستحکم کردیا۔
تین گول کے خسارے میں جانے کے باوجود جاپانی کھلاڑیوں نے حریف ٹیم پر حملے جاری رکھے اور 23 ویں منٹ میں کینتا تناکا گول کرکے اسکور 4-2 کر دیا۔
کھیل کا دوسرا پیریڈ اسی اسکور پر ختم ہوا جبکہ تیسرے پیریڈ میں کوئی بھی گول اسکور نہ کرسکی۔
چوتھے پیریڈ میں جاپان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 50 ویں منٹ میں 5-2 کے خسارے کے باجود یکے بعد دیگر تین گول اسکور کرکے 58 ویں منٹ میں میچ 5-5 سے برابر کردیا۔
میچ کی سنسنی خیزی یہیں ختم نہیں ہوئی، اگلے ہی منٹ میں ملائیشیا کے ٹینگکو احمد تاج الدین نے گول کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو برتری دلائی بلکہ ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی۔
جاپان کے ہیروماسا اوچیائی نے میچ کے آخری لمحات میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے میچ ایک بار پھر 6-6 سے برابر کر دیا، جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پنالٹی شوٹ آؤٹ دی گئیں، جس پر جاپان نے تین، ایک سے میچ جیت کر سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میںملائیشیا کے کھلاڑی نروس نظر آئے اور لگاتار تین پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کیں۔
سیمی فائنل میں ملائیشیا نے بھارت جبکہ جاپان نے پاکستان کو شکست دی تھی۔تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 2-1 سے ہراکر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔