نیٹو نے کہا ہے کہ افغان دارالحکومت کابل کے قریب اتحادی فورسز کے ایک قافلے پر خودکش کار بم حملے میں دوفوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
اتحادی فورسز کا کہنا ہے کہ کابل کے جنوب میں کیمپ جولیان کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک افغان فوجی اور نیٹو کا ایک اہل کار زخمی ہوئے۔
یہ حملہ دارالحکومت میں کئی مہینوں سے جاری نسبتاً امن کے بعد ہوا، جہاں ستمبر میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
تاہم افغانستان کے ان علاقوں میں تشدد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جہاں غیر ملکی افواج طالبان سے جنگ میں مصروف ہیں۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کمانڈوں کو ہدف بنا کر کی جانے والی ایک کارروائی میں، جو تین راتوں تک جاری رہی،کم ازکم 15 شورش پسند مارے گئے جب کہ دیگر 15 عسکریت پسندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
جب کہ صوبے قندوز میں بین الاقوامی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ایک کارروائی میں کم ازکم چار شورش پسند ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ نیٹو نے یہ کارروائی ، ایک سڑک کےساتھ ، جسے غیر ملکی فورسز استعمال کرتی ہیں،دھماکہ خیز مواد نصب کرنے والے مسلح عسکریت پسندوں کے خلاف کی تھی۔
نیٹو نے یہ بھی کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں اس کا ایک اہل کار شورش پسندوں کے ایک حملے میں ہلاک ہوگیا۔
افغانستان میں2001ء کے بعد سے یہ سال غیرملکی افواج کے لیے مہلک ترین ثابت ہوا ہے اور اب تک اس کے 625 سے زیادہ فوجی مارے جاچکے ہیں۔