کراچی کو پرامن رکھنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، آرمی چیف

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اداروں نے کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا اور دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر تباہ کرنے اور ان کے آپس کے رابطے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ فوج کراچی کو پرامن رکھنے اور بے خوف معمولات زندگی کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک اور محفوظ بنایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو کراچی کے کور ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر، کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس، ڈی جی رینجرز سندھ اوردیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور کراچی میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں جنرل راحیل شریف نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر خفیہ اداروں کی تعریف کی اور کہا کہ کراچی کے عوام کی روز مرہ زندگی کو بے خوف اور پرامن بنایا جائے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اداروں نے کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا اور دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر تباہ کرنے اور ان کے آپس کے رابطے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔