کراچی آپریشن، سندھ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس

انسدادِ دہشت گردی کے لیے بنائے جانے والے قومی لائحہ عمل پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے صوبہ سندھ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منگل کو کراچی میں ہوا۔

اجلاس کی صدارت سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے صوبائی سربراہان اور حساس اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور کراچی آپریشن کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے اجلاس کے شرکا کو صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے بعد سندھ کے وزیر اطلاعات نثار کھوڑو نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیوں اور ان کے مالی معاملات پر نظر رکھی جائے گی اور ان کا آڈٹ کرایا جائے گا۔

نثار کھوڑو نے بتایا کہ اجلاس میں نجی سیکورٹی کمپنیوں کی نگرانی سخت کرنے اور ان کی سیکورٹی کلیئرنس کا طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن ایک اہم مسئلہ ہے اور صوبائی حکومت ان تمام مذہبی تنظیموں اور رہنماؤں کی شکر گزار ہے جو اس سلسلے میں حکومت سے تعاون کر رہے ہیں۔