نیپال میں ایک اور طاقتور زلزلہ، کم ازکم 41 افراد ہلاک

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.3 تھی جس میں نیپال کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ 11 سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

نیپال میں گزشتہ ماہ آنے والے ہلاکت خیز زلزلے کے بعد منگل کو ایک بار پھر طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور حکام کے بقول اب تک 41 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤںٹ ایورسٹ کے قریب تھا۔

زلزلے سے بعض مقامات پر مٹے کے تودے گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

نیپال کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 11 سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک بھارت میں بھی محسوس کیے گئے جس کی ریاست بہار میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے ایک گھنٹے کے اندر اندر چھ انتہائی شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے ہیں جن میں سے ایک کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3ء6 تھی۔

25 اپریل کو 7.8 شدت کے زلزلے نے جنوب مشرقی ایشیا کے اس پسماندہ ملک میں تباہی برپا کر دی تھی اور اس سے 8000 سے زائد لوگ ہلاک جب کہ دارالحکومت کٹھمنڈو سمیت مختلف علاقوں میں املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس زلزلے سے 80 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ امداد اور بحالی کے کام میں امریکہ اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیمیں تاحال نیپال میں موجود ہیں۔

اس زلزلے سے بھارت، چین اور بنگلہ دیش میں بھی جانی نقصان ہوا تھا جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ پر زلزلے کے باعث برفانی تودے گرنے سے کم ازکم 18 کوہ پیما بھی ہلاک ہوگئے تھے۔