سپر اسٹار عامر خاں نے حقیقی کسان کا کردار نبھانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس کے لیے وہ اتر پردیش کے قصبہ شاہ آباد میں واقع اپنی موروثی زمین پر دعویٰ دائر کر چکے ہیں۔
گذشتہ دنوں ان کے والد طاہر حسین کا انتقال ہو گیا تھا اور اس کے بعد عامر خاں نے ہردوئی کے شاہ آباد میں اپنی موروثی زمین کے مالکانہ حق کے لیے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے ہاں دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے اپنے والد کی جانب سے بنائے گئے مختار عام سے بھی رابطہ کیا ہے۔
تحصیل انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ عامر کی جانب سے درخواست آئی ہے اور اس پر غور کیا جا رہا ہے۔ نائب تحصیل دار وجے ترویدی کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے ایک ٹرسٹ کے نام اس زمین کا بیع نامہ کر دیا تھا، لیکن اب تک داخل خارج نہیں ہوا ہے اس لیے عامر کو زمین پر دعویٰ کرنے کا حق حاصل ہے۔
مشہور فلم ’لگان‘ میں عامر خان نے ایک کسان کا کردار ادا کیا تھا اور وہ اس کردار میں بے حد مقبول ہوئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے ممبئی کے قریب ایک زمین کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، تاکہ اس کے سہارے وہ خود کو کسان ثابت کر سکیں لیکن انہیں اس میں ناکامی ہوئی کیونکہ ان کے چھوٹے بھائی فیصل خان کی جانب سے 2008ء میں منصف کورٹ میں معاملہ دائر کر کے جائیداد میں حق مانگنے کی ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔ عامر خان کے والد طاہر حسین نے بھی اپنے چھوٹے بیٹے فیصل خان کا ساتھ دیا تھا۔
عامر کے چچیرے بھائی ڈاکٹر نعیم اختر کے مطابق باغ و کھیت کا کچھ حصہ اپنے نام کروانے کے لیے عامر کے وکیل کی جانب سے ہردوئی میں دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ لیکن ابھی اس کا کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔
ممبئی میں ناکامی کے بعد اب شاہ آباد میں عامر کو کھیت حاصل ہو سکیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا۔