امریکہ: نیلسن منڈیلا کو خراج ِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری

امریکہ بھر میں نیلسن منڈیلا کے لیے دعائیں بھی کی جا رہی ہیں اور اس عظیم شخصیت کو خراج ِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر اور نسل پرستی کے خلاف جدو جہد کرنے والے رہنما نیلسن منڈیلا کو خراج ِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

واشنگٹن میں جنوبی افریقہ کے سفارتخانے کے باہر امریکی بڑی تعداد میں پھول رکھ رہے ہیں۔ سفارتخانے کے باہر نیلسن منڈیلا کے مجسمے کے سامنے بھی پھول رکھنے کا سلسلہ جاری ہے۔

واشنگٹن کی رہائشی پریسلا سباٹیلی کہتی ہیں کہ، ’یہ بہت افسوسناک خبر ہے۔ انہوں (منڈیلا) نے ایک مشکل زندگی گزاری۔ یہ پوری دنیا کے لیے ایک افسوسناک خبر ہے‘۔

واشنگٹن میں جنوبی افریقہ کے سفارتخانے کے باہر نصب کیا گیا نیلسن منڈیلا کا مجسمہ اس مجسمے کی نقل ہے جو جنوبی افریقہ میں اس جیل کے باہر نصب کیا گیا ہے جہاں پر نیلسن منڈیلا نے سیاسی قیدی کے طور پر 27 برس کی جیل کاٹی تھی۔

امریکہ بھر میں نیلسن منڈیلا کے لیے دعائیں بھی کی جا رہی ہیں اور اس عظیم شخصیت کو خراج ِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔