پی ایس ایل 6: ابوظہبی روانگی سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے انور علی کا کرونا ٹیسٹ مثبت

فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقایا میچز ابھی ہونا باقی ہیں۔ لیکن اس سے قبل ایونٹ کو دوبارہ کرونا کے خطرے کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر انور علی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق انور علی کا گزشتہ روز کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا ہے جس کے بعد کھلاڑی کو ہوٹل کے کمرے میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

انور علی کا کرونا ٹیسٹ ایسے موقع پر مثبت آیا ہے جب پی سی بی ایونٹ کے چھٹے ایڈیشن کے بقایا 20 میچز کے انعقاد کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

پی سی بی نے پی ایس ایل سکس کے بقایا میچز کے لیے متحدہ عرب امارات کا انتخاب کیا ہے اور کھلاڑی 26 مئی کو ابو ظہبی کے لیے روانہ ہوں گے جہاں یکم جون سے 20 جون تک میچز کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل کھلاڑی لاہور اور کراچی کے مقامی ہوٹلوں میں مقیم ہیں جہاں ان کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ 24 مئی کو ہوٹلوں میں پہنچنے پر گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران کیے گئے کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ جمع کرائیں۔

پیر کو پی سی بی نے کرونا ٹیسٹ کی پرانی رپورٹ جمع کرانے پر فاسٹ بالر نسیم شاہ کو آئسولیشن سے نکال دیا تھا جس کے بعد وہ ایونٹ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے 18 مئی کو کیے جانے والے ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کرائی تھی جس پر میڈیکل پینل نے انہیں بقایا کھلاڑیوں سے الگ کرنے کی سفارش کی تھی۔

ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہد آفریدی بھی کمر میں درد کی وجہ سے ایونٹ سے دست بردار ہو چکے ہیں۔ ان کے بقول معالج نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے متبادل کھلاڑیوں کے لیے ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوا تھا جس میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور محموداللہ، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل سمیت کئی نامور کرکٹرز کو مختلف فرنچائزز نے منتخب کیا تھا۔

لیکن ایونٹ کی اچانک ابوظہبی منتقلی کے بعد بعض کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل کرکٹ میں مصروفیت اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر ایک اور 'منی ریپلیس منٹ ڈرافٹ' کا انعقاد کیا گیا۔ اس ڈرافٹ میں جہاں نئے کھلاڑیوں کی انٹری ہوئی وہیں کچھ پرانے کھلاڑی بھی واپس آئے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سکس کے پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچز کھیل کر چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے ایونٹ میں چار چار میچز کھیلے ہیں اور وہ بالترتیب چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دو دو پوائنٹس ہیں اور دونوں ٹیمیں پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہیں۔