الجزیرہ نیٹ ورک پر سائبر حملے

الجزیرہ کا انگلش نیٹ ورک

الجزیرہ نیٹ ورک پر حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سفارتی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔

قطر میں قائم ایک نیوز نیٹ ورک الجزیرہ نے کہا ہے کہ جمعرات کے روز اس کے تمام میڈیا پلیٹ فارموں پر متعدد بار سائبر حملے کیے گئے۔

نیٹ ورک کی ایک ٹیوٹ میں بتایا گیا ہے کہ الجزیرہ چینل کے تمام میڈیا پلیٹ فارموں پر سائبر حملے ہو رہے ہیں۔ دوحہ میں قائم چینل کے تمام نیٹ ورک کو مسلسل ہیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

الجزیرہ نیٹ ورک کے ذرائع نے یہ تصدیق بھی کی کہ رپورٹرز بھی سائبر حملوں کی زد میں ہیں اور علاقے کے ناظرین الجزیرہ کی نشریات دیکھ نہیں پا رہے۔

الجزیرہ نیٹ ورک پر حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سفارتی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔

پیر کے روز سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات، یمن اور مالدیپ نے قطر پر یہ إلزام لگاتے ہوئے کہ وہ دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے، اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ۔

الجزیرہ نیٹ ورک، دنیا کے سب سے بڑے نیوز نیٹ ورکس میں ایک ہے۔ وہ ایک عرصے سے قطر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تنازع کا سبب بن رہا تھا۔ ہمسایہ ملکوں کا إلزام ہے کہ اس کا رویہ تعصبانہ اور جانب دارانہ ہے۔

نیٹ ورک کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل مصطفی سواق نے خبررساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ سفارتی چپقلش اور کشیدگی کے باوجود الجزیرہ اپنی آزادانہ ادارتی پالیسی جاری رکھے گا۔