'علی بابا' نے پاکستانی آن لائن شاپنگ کمپنی 'دراز' خرید لی

فائل فوٹو

’دراز‘ گزشتہ چھ سال سے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور میانمار میں کامیابی سے آن لائن کاروبار کر رہی ہے۔ کمپنی نے 2012ء میں ان ممالک میں اپنے کاروبارکا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کی مشہور آن لائن شاپنگ کمپنی 'دراز ڈاٹ پی کے' کو چین کی سب سے بڑی آن لائن کاروباری کمپنی 'علی بابا' نے خرید لیا ہے۔ 'علی بابا' نے اس سودے کی تصدیق کردی ہے۔

یہ خریداری اس معاہدے کا حصہ ہے جو چینی فرم نے حکومتِ پاکستان سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور آن لائن کاروبار بڑھانے کی غرض سے گزشتہ برس کیا تھا۔ اس تحریری معاہدے پر دونوں جانب سے باقاعدہ دستخط کیے گئے تھے۔

’دراز‘ گزشتہ چھ سال سے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور میانمار میں کامیابی سے آن لائن کاروبار کر رہی ہے۔ کمپنی نے 2012ء میں ان ممالک میں اپنے کاروبارکا آغاز کیا تھا۔

'دراز ڈاٹ پی کے' کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق کمپنی نہ صرف اپنے نام کو برقرار رکھتے ہوئے تمام آپریشنز 'علی بابا' کی نگرانی میں جاری رکھے گی بلکہ کمپنی جنوبی ایشیا کے پانچ ممالک میں آن لائن کاروبار، موبائل پیمنٹس اور ترسیلات کے کام کو بھی مزید وسعت دے گی۔

'دراز ڈاٹ پی کے' کے مطابق پانچوں ایشیائی ممالک کی مجموعی آبادی 34 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے جن میں 60 فی صد آبادی کی عمر 35 برس ہے۔

'دراز' کے شریک چیف ایگزیکٹو افسر بجارکے مکلسن اور جوناتھن ڈور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی کمپنی 'علی بابا' کے ساتھ مل کر اپنے صارفین کو خدمات کی فراہمی جاری رکھے گی۔

علی بابا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈینیئل زانگ کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی 'دراز' کے ساتھ نئے کاروبار کا آغاز کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی سمیت صارفین کو بہترین سروس فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔

'علی بابا' کا شمار نہ صرف چین بلکہ دنیا کی چند بڑی آن لائن ریٹیل کمپنیوں میں ہوتا ہے اور وہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کے بعد سے چین کی نجی اور سرکاری کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔