شام: حلب میں سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی

شام

پرانے شہر کے مرکزی حصے میں لڑائی کے دوران شدید گولاباری ہورہی ہے اور کم ازکم تین باغیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع بھی ملی ہے۔
شام کے سب سے گنجان آباد شہر حلب میں لڑائی مزید شدید ہوگئی ہے اور باغی اپنے اس حملے کے ذریعے مسلسل تین روز سے اپنے کھوئے علاقے دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی برطانیہ میں قائم ایک نتظم کے عہدے دار متاز سہیل نے ہفتے کے روز وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حلب کے ارکب اور عزیزیہ کے مضافات میں بھی جھڑپیں شروع ہوگئی ہے۔

پرانے شہر کے مرکزی حصے میں لڑائی کے دوران شدید گولاباری ہورہی ہے ، کم ازکم تین باغیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

جمعرات کو باغیوں نے سرکای فوجی دستوں کے خلاف ایک نیا حملہ شروع کرنے اعلان کیاتھا لیکن بظاہر ایسا دکھائی دے رہا ہےکہ فریق کو قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں ہوئی ۔

انسانی حقوق کی تنظیم ’ سیرین آبزرویٹری‘ نے کہاہے کہ ہفتے کے روز شام کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات میں کم ازکم 45 افراد ہلاک ہوگئے ۔

گذشتہ سال مارچ میں صدر بشارالاسد کے خلاف شروع ہونے والی عوامی تحریک میں ایک اندازے کے مطابق اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ لاکھوں افراد اپنی جانیں بچانے کے لیے سرحد عبورکرکے پڑوسی ملکوں میں پناہ لے چکے ہیں۔