شمالی افغانستان میں فرانسیسی ترقیاتی ادارے کے چار افغان کارکنوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
افغان حکام نے بتایا کہ یہ امدادی کارکن پیر کو کام سے واپسی پر صوبہ فریاب سے اغوا ہوئے۔
تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی مغویوں کی حالت کے بارے میں کچھ معلوم ہوسکا ہے۔
ACTED کے نام سے جانی جانے والی امدادی تنظیم بنیادی طور پر دیہی ترقی، سماجی اور زرعی شعبوں میں کام کرتی ہے۔
دریں اثناء پیر کو مشرقی افغانستان میں یک بعد دیگرے ہونے والے بم دھماکوں میں کم ازکم چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ صوبہ کنڑ کے ضلع دانگام میں پیش آیا۔
حکام نے بتایا کہ ایک گاڑی سڑک میں نصب بم سے ٹکرائی اور جب وہاں موجود راہگیر اس کی طرف بڑھے تو اسی اثناء میں ایک اور بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی۔
پیر کو ہی نیٹو کے مطابق اس کا ایک فوجی جنوبی افغانستان میں ہلاک ہو گیا۔ اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ اس ہلاکت کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔