مائیکرو بلاگنگ سائٹ 'ٹوئٹر' کے نئے مالک ایلون مسک نے جب سے کمپنی کے ملازمین کو یہ الٹی میٹم دیا ہے کہ 'سخت محنت' کریں اور اضافی وقت اور'بھرپور صلاحیت' کے ساتھ کام کریں، اس کے بعد سے ان قیاس آرائیوں نے جنم لینا شروع کر دیا ہے کہ ٹوئٹر جلد بند ہونے جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹوئٹر کے سینکڑوں ملازمین نے نوکری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اظہار وہ مختلف پرائیوٹ گروپس میں کر رہے ہیں۔
جمعرات کی شام تک امریکہ اور یورپ میں ٹوئٹر کے درجنوں ملازمین نے اپنی ذاتی ٹوئٹر پوسٹ کے ذریعے ملازمت سے دست بردار ہونے کا بتایا۔
اس سے قبل ایلون مسک نے بدھ کو ایک ای میل کے ذریعے ملازمین کو کہا تھا کہ ٹوئٹر کی ترقی اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں 'ہارڈ کور' یعنی انتہائی سخت محنت کرنا ہو گی۔ اگر ملازمین اس کے لیے تیار ہیں تو 'ہاں' میں اپنا جواب دیں اور اگر تیار نہیں تو انہیں کمپنی سے الگ تصور کیا جائے گا۔
مسک کی اس ای میل کے بعد ٹوئٹر کے کئی انجینئروں نے اپنی بائیو میں تبدیلی کرتے ہوئے لکھا کہ وہ 'سافٹ کور انجینئرز' ہیں جب کہ کئی نے لکھا کہ وہ 'ایکس ہارڈ کور انجینئرز' ہیں۔
ٹوئٹر کے سابق ملازمین کے مطابق 'سگنل' پر موجود ایک پرائیوٹ چیٹ گروپ میں ٹوئٹر کے موجودہ 50 ملازمین میں سے تقریباً 40 نے کہا کہ انہوں نے کمپنی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
SEE ALSO: ٹوئٹر کے عملے کونئے مالک کی پہلی ای میل: 'گھر سے کام کرنا بند'اسی طرح ملازمین کی ایپ 'بلائنڈ' پر ٹوئٹر کے تقریباً 180 ملازمین میں سے 42 فی صد نے اس آپشن کا انتخاب کیا کہ وہ کمپنی کو خیر باد کہنے کا انتخاب کریں گے جب کہ ایک تہائی نے کہا کہ وہ ناراضگی کے ساتھ کمپنی کے ساتھ رہنے کو ترجیح دیں گے اور سات فی صد نے کہا کہ وہ 'ہارڈ کور' آپشن کا انتخاب کرنا چاہیں گے۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ٹوئٹر کے کتنے ملازمین نے نوکری چھوڑ دی ہے اور کتنے ملازمین نے ملازمت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ البتہ ایلون مسک کمپنی کی ٹاپ مینجمنٹ کو پہلے ہی ملازمت سے فارغ کر چکے ہیں اور وہ لگ بھگ پانچ ہزار ملازمین کو کمپنی سے نکالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ٹوئٹر کی کمیونی کیشن ٹیم نے فوری طور پر موجودہ صورتِ حال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے جس کے بیشتر افراد بھی کمپنی چھوڑ چکے ہیں۔
ٹوئٹر کمپنی میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد جہاں ملازمین شش و پنج میں مبتلا ہیں وہیں صارفین بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان میں اس وقت ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ 'گڈ بائے ٹوئٹر' اور 'ریسٹ ان پیس ٹوئٹر' ٹاپ ٹرینڈ ہیں جہاں ٹوئٹر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "ٹوئٹر کے بغیر ہم دنیا کا تصور نہیں کر سکتے۔ اس لیے براہِ مہربانی مسئلے کو حل کریں اور پریشانی میں مبتلا ہونے سے بچائیں۔"
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ میں ہر پانچ سیکنڈ کے بعد ٹوئٹراس لیے دیکھ رہا ہوں کہ یہ اب تک موجود ہے۔
ساروان علی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ اگر آج ٹوئٹر کا آخری دن ہے تو پھر میں آج ہر اس شخص کو فالو کروں گا جو آخری بار میری اس ٹوئٹ کو لائیک کرے گا۔
ایک ٹوئٹر صارف نے یہ میم شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا کہ ٹوئٹر کے جلد بند ہونے کا سن کر میری یہ حالت ہو گئی ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ اگر ٹوئٹر کے یہ آخری ایام ہیں تو آپ سب کے ساتھ یہاں وقت گزارنا خوشی کی بات ہے۔ میں آپ کو خوش رکھنے کو بہت یاد کروں گا۔ آپ کے بغیر دن بہت طویل گزریں کے دوستو۔