ایک کروڑ 23 لاکھ ڈالر کا ہیرا

ایک کروڑ 23 لاکھ ڈالر کا ہیرا

جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکلنے والا پیلی رنگت کا ایک نایاب ہیرا، جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اپنی قسم کا سب سے بڑا ہیرا ہے، ایک کروڑ23 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوا ہے۔

جنیوا میں واقع مشہور نیلام گھر سوتھ بیز میں 110 کیرٹ وزنی ہیرا، جو ’سن ڈراپ ڈائمنڈ‘ کے نام سے جانا جاتاہے، منگل کے روز ایک نامعلوم شخص نے ٹیلی فون پر بولی دے کر خرید لیا۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ ناشپاتی کی شکل میں تراشا ہوا یہ چمک دار ہیرا اپنے انداز کا دنیا کا سب سے بڑا ہیراہے۔ اس کا جحم کسی نسوانی انگوٹھے کے مساوی ہے۔

جنیوا میں نیلامی کے لیے پیش کرنے سے قبل سوتھ بیز میں لوگوں کا خیال تھا کہ یہ ہیرا ایک کروڑ دس لاکھ سے ایک کروڑ 50 لاکھ کے درمیان فروخت ہوجائے گا۔

اپنے انداز کا دنیا کا یہ سب سے بڑا ہیرا گذشتہ سال جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکالا گیاتھا اور اسے نیویارک میں قائم ہیروں کا کاروبار کرنے والی ایک کمپنی کورل انٹرنیشنل نے خرید لیاتھا۔
دنیا کا ایک اور بڑا ہیرا ’ہوپ‘ واشنگٹن کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں موجود ہے جسے ہر سال ہزاروں سیاح دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ ہوپ 1725ء میں بھارتی علاقے کولکنڈہ کی ایک کان سے نکلا تھا۔ جو مختلف ہاتھوں سے ہوتا ہوا اب عجائب گھر کی زینت بن چکاہے۔ ایک اندازے کے مطابق تراش خراش اور کٹائی سے قبل ’ہوپ‘ کا وزن تقریباً 115 کرٹ تھا جو کم ہوکر ساڑھے 45 کرٹ رہ گیا ہے۔

بھارت کی ہی ایک کان سے نکلنے والے ایک اور ہیرے ’کوہ نور‘ نے بڑی شہرت پائی تھی ۔ جس کا وزن اس وقت تقریباً 105 کیرٹ ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اپنی کٹائی سے قبل اس کا جحم دوگناتھا۔ کوہ نور ہیرے سے بادشاہوں کے عروج و زوال کی داستانیں جڑی ہیں۔ وہ کئی راجاؤں اور مغل شہنشاہوں کی تاخ کی زینت بنا اور پھر بالآخر برطانیہ کے شاہی خاندان کی ملکیت میں چلاگیا۔