لنگور کی گود میں پلنے والا شیر کا بچہ

لنگور درختوں کی شاخوں پر شیر کا بچہ اٹھائے پھر رہا ہے۔

جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک میں لوگوں نے یہ منظر بڑی حیرت اور تعجب سے دیکھا کہ ایک لنگور نے شیر کے بچے کو گود لے لیا ہے اور اسے اتنی ہی محبت اور شفقت سے پال رہا ہے جیسے نہ صرف یہ کہ وہ شیر کی بجائے لنگور کا بچہ ہو، بلکہ اس کا اپنا بچہ ہو۔

دوسرے جانوروں کی نسبت نر لنگور اپنے بچوں کی پرورش میں بہت دلچسپی لیتے ہیں تاہم پھر بھی مادہ لنگور اپنے بچوں سے جتنی محبت کرتی ہے، نر اس کی جگہ نہیں لے سکتے۔ مگر پارک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حیران کن بات یہ ہے کہ نر لنگور نے شیر کے بچے کو اسی محبت اور چاہت سے اپنے سینے سے لگایا اور چپکایا ہوا ہے جیسے مادہ لنگور کرتی ہے۔

سفاری پارک میں جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے کرٹس شولٹز کا کہنا ہے کہ اس پارک میں اپنی 20 سالہ ملازمت کے دوران میں نے ایسا واقعہ کبھی نہیں دیکھا۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ نر لنگور اپنے بچوں کی پرورش کے لیے دوسرے جانوروں کے مقابلے میں بہت زیادہ سرگرمی دکھاتے ہیں، لیکن پھر بھی ماں جتنی نہیں۔ مگر یہ نر لنگور تو شیر کے بچے کی محبت میں اس کی ماں بنا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے یہ منظر میں نے ہفتے کی صبح دیکھا۔ بہت سے لنگوروں نے شیر کے ایک بچے کو اپنے گھیرے میں لے رکھا تھا۔ وہ اچھل کود رہے تھے ۔ ایسا لگ رہا تھا کہ وہ شیر کے بچے کو پا کر بہت خو ش ہیں اور انہیں ایک اچھوتا کھلونا مل گیا ہے۔

نیشنل پارک کے اس علاقے میں چھوٹی پہاڑیاں اور سنگلاخ چٹانیں ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں شیر اور چیتے شکار پر جاتے وقت اپنے بچوں کو چھپا جاتے ہیں تاکہ وہ خطرات سے محفوظ رہیں۔

کرٹس نے بتایا کہ ہوا کچھ یوں کہ لنگوروں کا ایک گروپ ایک ایسے وقت میں اس چٹانی علاقے میں جا نکلا، جب شیر وہاں موجود نہیں تھے۔ وہاں گھومتے ہوئے انہیں شیر کا بچہ نظر آیا، جیسے دیکھ کر وہ اتنے خوش ہوئے جیسے کوئی بڑا خزانہ ہاتھ لگ گیا ہو۔ وہ کچھ دیرتک تو بچے کو چھوڑ کر آپس میں اس چیز پر لڑتے رہے کہ شیر کے بچے کا قبضہ کسے ملے گا۔ ملکیت کے اس جھگڑے میں غالباً کچھ لنگور زخمی بھی ہوئے، تاہم ایک طاقت ور لنگور نے سب پر قابو پا لیا اور دوسرے لنگور پیچھے ہٹ گئے۔

لنگور نے شہر کے بچے کو اٹھایا اور درختوں کی ایک شاخ سے دوسری شاخ پر چھلانگیں لگانے لگا۔

کرٹس نے بتایا کہ یہ ایک گرم صبح تھی اور شیر کا بچہ پیاسا اور گھبرایا ہوا لگ رہا تھا۔ لیکن لنگور اسے ایک شاخ سے دوسری شاخ پر لے جا رہا تھا۔ مجھے یہ خدشہ ہوا کہ شیر کا بچہ درخت سے گر بھی سکتا ہے اور مر بھی سکتا ہے۔ لیکن یہ قدرت کا نظام ہے جس پر کسی کا بس نہیں چلتا۔ فطرت بہت مہربان بھی ہوتی ہے اور بہت ظالم بھی۔ میں نے سفاری پارک میں لنگوروں کے ہاتھوں شیروں کو مرتے بھی دیکھا ہے۔ لیکن مجھے توقع ہے کہ لنگور اس بچے کو حفاظت سے رکھے گا۔