افغانستان کے مشرقی علاقے میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے دو غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
نیٹو افواج کے مطابق حملہ آور نے افغان نیشنل آرمی کی وردی پہن رکھی تھی۔ جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ مرنے والے فوجیوں کی شہریت بتائی گئی ہے۔
دریں اثناء جمعرات کو جنوبی افغانستان میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے افسروں سمیت دس پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ صوبہ ہلمند کے علاقے نادعلی میں پیش آیا اور صوبائی حکام کے مطابق یہ افسران تربیتی مراکز سے اپنے گھروں کو واپس جارہے تھے جب ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔
مرنے والوں میں زیر تربیت نئے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔