افغانستان: عسکریت پسندوں کے حملے میں تین پولیس اہل کار ہلاک

افغانستان: عسکریت پسندوں کے حملے میں تین پولیس اہل کار ہلاک

عسکریت پسندوں نے مشرقی افغانستان میں ایک ضلعی ہیڈکوارٹرز کے دفتر پر حملہ کرکے کم ازکم ایک پولیس اہل کار کو ہلاک کردیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان روح اللہ سمون نے کہاہے کہ تین مسلح عسکریت پسندوں نےجمعرات کے روز پکتیا صوبے کے ضلع چمکنی کی عمارت کے باہر دھماکے کیے اور دو حملہ آوروں نے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔

حملے کے بعد پولیس اور عسکریت پسندوں میں جھڑپ ہوئی جس میں تین پولیس اہل کار ہلاک اور کم ازکم دوافراد زخمی ہوگئے۔ عہدے داروں کا کہناہے کہ وہاں موجود حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔

حملے کےوقت ضلعی عہدے دار اور مقامی قبائلی سردار آئندہ دنوں میں کابل میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بات چیت کررہے تھے۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کابل کے لوئے جرگہ میں شرکت کرنے والے ہر شخص کونشانہ بنائیں گے۔