افغانستان: خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک

صوبائی عہدے داروں کا کہناہے یہ خودکش حملہ پاکستانی سرحد کے قریب واقع شورش زدہ

افغان حکام نے کہاہے کہ ہفتے کے روز مشرقی صوبے خوست میں ایک خودکش بمبار نے پولیس کی ایک پڑتالی چوکی پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور کم ازکم چھ زخمی ہوگئے۔

صوبائی عہدے داروں نے کہاہے کہ پاکستانی سرحد کے قریب واقع شورش زدہ ضلع علی شیر میں پولیس کی پڑتالی چوکی پر جانے والے حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔

عہدے داروں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں کچھ عام شہری بھی ہیں جو وہاں پولیس اہل کاروں سے ملاقات کررہے تھے۔

یہ حملہ شکاگو میں نیٹو سربراہ کانفرنس سے صرف ایک روز پہلے ہوا ہے جہاں کئی ممالک کے سربراہان، 2014ء کے اختتام تک زیادہ تر غیر ملکی لڑاکا فوجیوں کی روانگی یا ان کی سرگرمیاں امدادی کارروائیوں تک محدود ہوجانے کے بعد افغانستان کی سیکیورٹی ضروریات پر مذاکرات کریں گے۔

ہفتے ہی کے روز ایک اور خبر کے مطابق نیٹو نے کہاہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں ان کے دواہل کار ہلاک ہوگئے ہیں۔

نیٹو کے بیان میں ہلاک ہونے والے اہل کاروں کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ان کا تعلق فوج کے کس شعبے سے تھا۔