نیٹو حملے میں پانچ محافظ ہلاک :افغان پولیس

فائل فوٹو

افغان پولیس کا کہنا ہے کہ نیٹو کے ایک فضائی حملے میں غلطی سے پانچ مقامی سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ منگل کو مشرقی صوبہ غزنی میں اس وقت پیش آیا جب یہ سکیورٹی گارڈز بین الاقوامی افواج کو رسد فراہم کرنے والے ایک قافلے کو بحفاظت منزل تک لے جارہے تھے ۔

نیٹو نے فوری طور پر اس حملے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

دریں اثناء افغان عہدیداروں نے بتایا ہے کہ کم ازکم 25غیر ملکی عسکریت پسندوں کو سکیورٹی اہلکاروں نے اس وقت ہلاک کردیا جب وہ پاکستانی سرحد عبور کر کے افغانستان میں داخل ہوئے تھے۔

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ایک روز قبل پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں ایک امریکی کارروائی میں ہلاکت کے بعد یہ مزاحمت کا پہلا واقعہ ہے۔

شمالی صوبے نورستان کے گورنرجمال الدین بدر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں عرب، چیچن اور پاکستانی عسکریت پسند بھی شامل ہیں۔ ”ہم اس صورتحال سے آگاہ ہیں کہ اب القاعدہ اور دیگر عناصر افغانستان میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔ ہم نے سرحد پر ایسی آمدورفت سے سے نمٹنے کے لیے کارروائی کی تھی۔

یہ کارروائی پاکستانی سرحد کے قریب نورستان صوبے کے برگ متال ضلع میں کی گئی تھی۔