افغانستان: ہیلی کاپٹر حادثے میں کم ازکم 16 ہلاک

فائل فوٹو

افغان عہدیداروں نے بتایا ہے کہ کابل کے مضافاتی علاقے میں ایک گھر پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے اس پر سوار 12 ترک فوجی اور زمین پر موجود کم از کم چار افغان شہری ہلاک ہوگئے۔

انقرہ میں ترک جنرل اسٹاف کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ترکی کے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جائے حادثہ پر اس کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا اور پولیس کے مطابق گھر پر ہیلی کاپٹر گرنے سے وہاں موجود دو خواتین اور دو بچے بھی ہلاک ہوگئے۔

افغانستان میں ترکی کے 1800 سے زائد فوجی موجود ہیں جو کہ دارالحکومت کابل کے گرد نواح میں تعینات ہیں۔

نیٹو میں شامل دیگر یورپی افواج کے برعکس ترکی کے فوجیوں کا مشن بہت محدود ہے اور وہ لڑاکا کارروائیوں کی بجائے صرف سکیورٹی گشت پر معمور ہوتے ہیں۔