منگل کی صبح نیٹو کے ریزو لیوٹ سپورٹ مشن کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ ننگر ہار میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران امریکہ کے یو ایچ ۔ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ امدادی کارکنوں نے عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا۔
عملے کے دو ارکان معمولی زخمی ہوئے اور اتحادیوں کے ایک طبی مرکز میں ان کا علاج ہو رہا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل طالبان کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیلی کاپٹر غیر ملکی قابض فورسز کی جانب سے صوبے کے سپن گئیر علاقے میں اسلام پرست شورش کے جنگجوؤں کے خلاف علی الصباح کی جانے والی ایک کارروائی کے تھوڑی دیر بعد حادثے کا شکار ہوا تھا۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ اس حادثے میں ہیلی کاپٹر پر سوار سب لوگ ہلاک ہو گئے تھے اور غیر ملکیوں کو اپنا حملہ ختم کرنے پر مجبور کر دیا گیا۔
شورش پسند گروپ اکثر أوقات ایسے دعوے کر چکے ہیں جو بعد میں بے بنیاد ثابت ہوئے۔
ایک اور خبر کے مطابق عہدے داروں نے کہا ہے کہ وسط مشرقی میدان وردک صوبے کے ضلع سعید آباد میں طالبان شورش پسندوں کی جانب سے حکومت کی بیرونی چوکیوں پر حملے کے بعد سخت لڑائی چھڑ گئی۔
حکومت کے ایک صوبائی ترجمان عبد الرحمن نے وی او اے کو بتایا کہ ان جھڑپوں سے أفغان دارالحکومت کابل کو جنوبی أفغانستان سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک بلاک ہو گئی۔