افغانستان: خودکش بم دھماکے میں چھ ہلاک

فائل فوٹو

حکام کے مطابق خوکش بمبار نے جس علاقے میں یہ دھماکا کیا وہاں کئی اہم اور حساس عمارتیں واقع ہیں تاہم مرنے والے تمام افغان شہری تھے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو ہیڈکوارٹر کے قریب ہفتہ کو ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق خوکش بمبار نے جس علاقے میں یہ دھماکا کیا وہاں کئی اہم اور حساس عمارتیں واقع ہیں تاہم مرنے والے تمام افغان شہری تھے۔

اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ ان کی تمام تنصیبات اس حملے میں محفوظ رہیں۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حالیہ مہینوں میں افغانستان میں ایک بار پھر پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان نے کابل میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ افغانستان اور خطے کے امن کو تباہ کرنے والے دشمن کی یہ بزدلانہ کارروائی ہے۔

بیان میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے میں افغانستان کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔