افغانستان :بم دھماکے میں 17 افراد ہلاک

افغانستان :بم دھماکے میں 17 افراد ہلاک

افغان حکام نے کہا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے کم از کم 17 عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ جمعہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب ہلمند کے ضلع نہری سراج میں ایک مسافر وین سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔

حکام کے بقول دھماکہ کے بعد موقع پر پہنچنے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر شدت پسندوں کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز وسطی افغانستان میں خودکش بمباروں کے ایک گروہ نے سرکاری عمارات پر حملہ کرکے 19 افراد ہلاک اور 37 دیگر زخمی کردیے تھے۔

صوبہ ارزگان کے صدر مقام ترین کوٹ میں کیے گئے اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان شہریوں کے خلاف کی جانے والی پرتشدد کاروائیوں میں رواں برس کی پہلے چھ ماہ میں 15 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے دوران 1400 کے لگ بھگ عام شہری ہلاک ہوئے۔