افغانستان کے دارالحکومت کابل کا متمول مضافاتی علاقہ منگل کے روز توپ خانے کے فائر اور دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔
فوری طور پر حملے کے ہدف کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔ لیکن، سکیورٹی سے متعلق اہل کاروں نے بتایا ہے کہ بظاہر یہ دھماکے وزیر اکبر خان ضلعے میں واقع ایک گیسٹ ہاؤس سے آرہے تھے، جہاں متعدد سفارت خانے اور سرکاری عمارتیں ہیں۔
یہ شوٹنگ منگل کی شام گئے شروع ہوئی جس کے بعد دھماکوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا۔ ایک گھنٹے بعد، گولیاں چلنے کی آوازیں تیز ہوگئیں۔
کسی گروہ نے فوری طور پر منگل کے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی،جو ایسے وقت ہوا جب طالبان نے موسم بہار اور موسم گرما میں اپنی سالانہ شدت پسند کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
طالبان شدت پسندوں نے اسی ماہ کے اوائل میں کابل میں ایک گیسٹ ہاؤس پر حملہ کیا، جس میں ایک امریکی، ایک برطانوی، ایک اطالوی، چار بھارتی، پانچ افغان اور دو پاکستانی ہلاک ہوئے۔
جب گذشتہ برس کے اواخر میں امریکی اور نیٹو افواج نے اپنے لڑاکا مشن کی تکمیل کا باضابطہ اعلان کیا، افغان سکیورٹی افواج طالبان کے حملوں کی زد میں ہیں۔