افغانستان میں القاعدہ کا سرکردہ رہنما ہلاک: نیٹو

فائل فوٹو

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ رواں ماہ ملک کے مشرقی صوبے میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں القاعدہ کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

منگل کو جاری ہونے والے بیان میں اس کمانڈر کی شناخت ابو حفص النجدی کے نام سے کی گئی جو عبدالغنی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ 13اپریل کو صوبہ کنڑ کے ضلع دانگام میں کیے گئے اس حملے میں القاعدہ کا ایک اورلیڈر ’وقاص‘ بھی ماراگیا جب کہ متعدد عسکریت پسند بھی اس کارروائی میں ہلاک ہوئے۔

اتحادی افواج کے مطابق سعودی شہری النجدی صوبہ کنڑ میں القاعدہ کی کارروائیوں کا سربراہ تھااور وہ خودکش حملوں اور اغوا کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندوں کو رقوم کی فراہمی کا بھی نگران تھا۔ نیٹو نے کہا ہے کہ سرحد پار شدت پسندوں سے رابطے کے لیے النجدی کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان آمدورفت جاری رہتی تھی۔

النجدی سعودی عرب کی طرف سے جاری کی گئی انتہائی مطلوب 85عسکریت پسندوں کی فہرست میں 23نمبر پر تھا۔بین الاقوامی افواج 2007ء سے اس القاعدہ کمانڈر کا پیچھا کررہی تھیں۔