افغانستان میں گزشتہ سال ملتوی ہونے والے پارلیمانی انتخابات رواں سال 15 اکتوبر کو ہوں گے۔
اس بات کا اعلان افغانستان کے خود مختار الیکشن کمیشن کے سربراہ احمد یوسف نورستانی نے کابل میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔
افغان پارلیمان کی پانچ سالہ مدت گزشتہ سال جون میں ختم ہو گئی تھی تاہم سلامتی کی صورت حال اور 2014 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے سے تحفظات کی وجہ سے پارلیمانی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے۔
صدر اشرف غنی نے گزشتہ سال پارلیمان کے مدت آئندہ انتخابات تک بڑھانے کا حکم جاری کیا تھا، جسے کئی افغان شہریوں نے اس بنا پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ کیا صدر قانونی طور پر پارلیمان کی مدت میں اضافے کا فرمان جاری کر سکتے یا نہیں۔
اگر اب یہ انتخابات طے شدہ منصوبے کے تحت ہوتے ہیں تو ان کا انعقاد ایک ایسے وقت ہو گا جب ملک میں طالبان کی عسکری کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
نورستانی نے کہا کہ یہ انتخابات اسی صورت میں وقت پر ہوں گے اگر حکومت ان کے لیے ضروری بجٹ، امیدواروں، الیکشن کے عملے اور بیلٹ بکسوں کے لیے سیکورٹی فراہم کرے گی۔