افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے دو مخلتف حملوں میں اس کے دو فوجی مارے گئے ہیں۔
نیٹو افواج کے مطابق جنوبی افغانستان میں شدت پسندوں کے ایک مضبوط گڑھ پر جب اتحادی افواج اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی تھیں تو اس دوران یہ حملے کیے گئے۔
ایک فوجی عسکریت پسندوں کے حملے میں جب کہ دوسرا سڑک میں نصب بم پھٹنے سے ہلاک ہوا۔ پیر کو ہلاک ہونے والے دونوں فوجیوں کے بارے میں مزید معلومات نہیں بتائی گئیں ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق رواں سال اب تک افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے 512 فوجی مارے جا چکے ہیں جن میں 382 امریکی فوجی تھے۔
دریں اثناء مشرقی افغانستان کے صوبے لغمان کے ترجمان فضل اللہ پٹھان نے بتایا کہ منگل کو سٹرک میں نصب بم پھٹنے سے چار افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اس حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔