قندھار: نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ، مقامی صحافی ہلاک

فائل

افغانستان کے جنوبی صوبہٴ قندھار میں بدھ کے روز نامعلوم مسلح افراد نے ایک افغان صحافی کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

صوبے میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ کارکنان نے حملے کو آزادی اظہار کو دبانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

واقعے کی تفتیش جاری ہے اور حکام حملے میں شدت پسندوں کے ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کرتے۔

اکتیس برس کے عبدالمنان کو بدھ کے روز قندھار شہر میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے گولی ماری۔

عبدالمنان ایک نجی ٹیلی ویژن اسٹیشن، ’کابل نیوز‘ کے لیے رپورٹنگ کیا کرتے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق، اُنھیں کچھ عرصے سے ٹیلی فون پر دھمکیاں مل رہی تھیں۔

ٹیلی فون پر اہل خانہ نے بتاتا ہے کہ ’’ہمارا کسی سے کوئی ذاتی تنازع نہیں۔ اگر کوئی ملوث ہوسکتا ہے تو یا تو طالبان ہوں گے یا پھر (افغان) حکومت ہوگی۔ حملے کے پیچھے کوئی اور نہیں ہے‘‘۔

قتل ہونے والے صحافی کے بھائی، عبد الحنان سے تعزیت کے لیے لوگ اکٹھے ہوئے۔ قندھار میں مقامی اخباری نمائندوں نے بتایا ہے کہ وہ حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حملے میں ملوث لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔