افغان بیٹسمین زازئی کے ہاتھوں کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے

افغانستان کے بیٹسمین حضرت اللہ زازئی

ہارجیت کھیل کا حصہ ہے، دو ٹیمیں جب میدان میں اُترتی ہیں تو ایک کو فتح اور دوسرے کی شکست ملتی ہے۔ اس حقیقت کے باوجود کچھ مقابلے ایسے ہوتے ہیں جو خاص کارکردگی کے باعث ذہن پر ہمیشہ کے لئے نقوش چھوڑ جاتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان بھارت کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی 20 میچ کے دوران ہوا جس میں بیٹسمین کی ریکارڈ ساز کارکردگی کے باعث افغانستان نے آئرلینڈ کو 84 رنز سے شکست دی۔

افغانستان نے 3وکٹوں کے نقصان پر 278 اسکور کئے جس کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم 6 وکٹیں گنواکر 194رنز بناسکی۔

یہ میچ کئی ریکارڈز کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ افغانستان کے 278 رنز ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے پہلے آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں 6 ستمبر 2016ء کو تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔

افغانستان کے بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نے صرف 62 گیندوں پر ناقابل شکست 162رنز بنائے جس میں 16 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ چھکوں کی یہ تعداد کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے لگائے جانے والے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

آسٹریلیا کے آرون فنچ نے 2013ء میں انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں حریف ٹیم کے بولرز کو 14 چھکے لگائے تھے۔

حضرت اللہ نے سنچری اسکور کرنے کے لئے صرف 42 گیندوں کا سامنا کیا جو دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہیت شرما 35،35 گیندیں کھیل کر مشترکہ طور پرپہلے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح افغانستان کی اننگز میں مجموعی طور پر 22 چھکے لگے جو ایک میچ میں کسی بھی ٹیم کے چھکوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف 2016ء میں 21 چھکے لگائے تھے۔

افغانستان کے اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی نے 236 رنز کی شراکت داری قائم کی جو ٹی20 میچوں میں کسی بھی وکٹ کے لئے اب تک کی سب سے بڑی شراکت ہے۔

آسٹریلیا کے آرون فنچ اور ڈی آرکی شارٹ نے 2018ء میں زمبابوے کے خلاف ہرارے میں 223 رنز بنائے تھے۔

اس شراکت میں زازئی کے اوپننگ پارٹنر عثمان غنی نے 152اعشاریہ 08 کے اسٹرائیک ریٹ سے 73رنز کا حصہ ڈالا۔

افغانستان کی اننگز میں تین اوورز ایسے تھے جن میں اُس کے بیٹسمینوں نے 20 یا اُس زائد رنزبنائے۔کیون او برائن کے ایک اوورمیں 28 رنز بنے جس میں حضرت اللہ زازئی نے چار چھکے بھی لگائے۔