یو ٹیوپ پر اڈیل کے گانے نے ٹیلر سوئفٹ کا ریکارڈ توڑ دیا

اڈیل کے پہلے سنگل 25 کی نئی ویڈیو نے یوٹیوب کے انٹرٹینمٹ پلیٹ فارم ویوو (vevo) پر 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ ویوز حاصل کرکے، امریکی گلوکارہ ٹیلر سویفٹ کے گانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے

معروف برطانوی گلوکارہ اڈیل چار سال کے وقفے کےبعد اپنے ایک سنگل کے ساتھ منظرعام پر آئی ہیں اور انھوں نے اپنے نئے گانے 'ہیلو' کے ذریعے اپنے مداحوں کو ہیلو کہا ہے۔

اڈیل کے پہلے سنگل 25کی نئی ویڈیو نے یوٹیوب کے انٹرٹینمٹ پلیٹ فارم ویوو (vevo) پر 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ ویوز حاصل کرکے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے گانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

آسکر یوارڈ یافتہ گلوکارہ اڈیل کا نیا گانا جمعہ کے روز یوٹیوب کی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ وی وو ڈاٹ کام پر ایڈل کی جانب سے ریلیز کیا گیا تھا اور اس گانے کو 24 گھنٹوں میں 2.7 کروڑ سے زیادہ ویوز ملے ہیں۔

اس ویب سائٹ پر امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا ایک سنگل 'بیڈ بلڈ' کو مئی میں اپنی ریلیز کے بعد 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا گانا قرار دیا گیا تھا جسے ایک دن میں 2 کروڑ ویوز ملے تھے۔

یوٹیوپ پر ویوو کی پلیٹ فارم سے ٹیلر سوئفٹ کا گانا 'بلینک اسپیس' سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ویڈیو ہے، جبکہ اڈیل کے گانے کو جمعہ سے اب تک لگ بھگ 10 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔

اڈیل کا نیا گانا مانٹریال کے قریب ایک دیہات میں فلمایا گیا ہے جسے فرانسسی کینڈین فلمساز جیوپر ڈولین نے شوٹ کیا ہے۔

اس گانے کی 30سکینڈ پر مشتعمل ایک کلپ گذشتہ ہفتے ایک برطانوی ٹی وی شو کے اشتہاراتی وقفے میں چلائی گئی تھی، جس کے بعد اڈیل کے نئے البم کا لوگوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔ تاہم، اڈیل نے اپنے نئے البم کو 20 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

چھ بار گریمی ایواڈ یافتہ گلوکارہ اڈیل کا دوسرا البم 21 اپنی قریب ترین حریف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے البم 'ریڈ' کی فروخت کا ریکارڈ توڑا تھا۔

ان کا گانا ہیلو 93 ممالک میں آئی ٹیونز پر نمبر ون ہے، جبکہ یہ گانا 102 ملکوں میں نمبر ون ڈاون لوڈ کیا جانے والا گانا بھی بن گیا ہے۔

بل بورڈ ڈاٹ کام میوزک انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے تین روز میں اس گانے ایک لاکھ پینسٹھ ہزار کاپیاں فروخت ہوئی ہیں اور اگلے ہفتے بل بورڈ 100 سنگلز چارٹ پر نمبر ون پر ہونے کی توقع ہے۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ، ایڈل کی کامیابیوں کا سفر صرف چند ہی سالوں پر محیط ہےاس دوران اُنھوں نے شو بزنس کی دنیا کے بڑے بڑے ایواڈ بھی حاصل کئے ہیں۔

ایڈل کا پہلا البم '19 ' میں اُن کی گائیکی میں درد اور جذبات کا ایک گہرا سمندر چھپا نظر آتا ہے۔ اس کے بعد، سال 2011 میں ایڈل کا دوسرا البم'21' ریلیز ہوا تو اس البم نےبھی فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور لگاتار دو برس تک عالمی سطح پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم قرار دیا گیا۔

نئے البم کے حوالے سےایک ٹی وی انٹرویو میں 27 سالہ گلوکار اڈیل نے کہا کہ اس البم میں میں وہ سب کچھ کرنے کی کوشش کروں گی جو میں پہلے کرچکی ہوں اور وہ جو میں نے اب تک نہیں کیا تھا یہ مجھے اپنے آپ کو سمجھنے کا موقع دے گا۔

اڈیل کا کہنا ہے کہ نیا البم ان کی عمر کی پختگی کو ظاہر کرے گا جیسا کہ وہ اس سے قبل اپنی عمر کی مناسبت سے پہلا البم 19اور دوسرا البم 21کے عنوان سے جاری کر چکی ہیں۔

سال 2012ء میں بیٹے اینجیلو کی ولادت کے بعد ایڈل فنکارانہ سرگرمیوں میں بہت کم ہی حصہ لے رہی ہیں۔

ایڈل نے لندن کے پرفارمنگ آرٹس برٹش اسکول سے گریجویشن کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد، پہلا اسٹوڈیو البم ریلیز کیا اور اِس کے ساتھ ہی، موسیقی کی دنیا میں ایڈل کی کامیابیوں کا سفر شروع ہوگیا۔