نئی فلم ’ہیٹ اسٹوری‘ کی ’ بولڈ‘ اداکارہ پاوٴلی ڈم

گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم ”ہیٹ اسٹوری“۔۔ اور خاص کر اس میں نظر آنے والے نئے چہرے ۔۔پاوٴلی ڈم کے چرچے یقینا آپ تک بھی پہنچ چکے ہوں گے۔ اس فلم میں اداکئے گئے ان کے کردار نے اب تک کی تمام ’بولڈ‘ ہیروئنز کوسچ مچ ”بولڈ“ کردیا ہے۔

”ہیٹ اسٹوری “پاوٴلی ڈم کی پہلی فلم نہیں ہے جس میں انہوں نے ایسا بے باک کردارادا کیا ہو بلکہ 2011ء میں بھی ان کی ایک ایسی ہی بولڈ فلم ریلیز ہوچکی ہے مگر اس فلم کے چرچے زبان زد عام نہیں ہوئے ۔ اس فلم میں بھی پاوٴلی نے نہایت قابل اعتراض مناظر پکچرائز کرائے تھے ۔ ”کینز “اور” ٹورنٹو فلم فیسٹیول “میں اس فلم کا پریمیئر ہوچکا ہے۔

پاوٴلی کے کام کو دیکھتے ہوئے ایک مشہور ڈائریکٹر نے اپنی اگلی فلم ”چولی کے پیچھے “ کے لئے بھی سائن کرلیا ہے ۔ اس فلم میں وہ ایک قبائلی عورت کا کردار اداکریں گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہنہ گوسوامی اور نندنا سین جو کافی بولڈ فلمیں کرچکی ہیں، انہوں نے فلم ”ہیٹ اسٹوری “ میں کام کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا ہے کہ فلم میں بہت زیادہ قابل اعتراض سین ہیں۔

”ہیٹ اسٹوری “پاوٴلی کی پہلی ہندی فلم ہے ۔ یہ فلم ایک عورت کے بدلے کی کہانی ہے جو اپنا جسم ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہے ۔ فلم میں پاوٴلی نے متوسط طبقے کی صحافی خاتون کا کردار ادا کیا ہے جو بدلہ لینے کے لئے سیکس ورکر بن جاتی ہے۔

پاوٴلی بنیادی طور پر بنگالی ہیں ۔ انہیں بنگلہ فلم انڈسٹری میں کافی جانا پہچانا جاتا ہے ۔ وہ ” نیوبنگلہ فیس 2009ء“ ایوارڈبھی جیت چکی ہیں۔ سن 2006ء میں انہوں نے بنگالی فلم ”اگنی پریکشا“ سے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز کیا تھا ۔وہ بالی ووڈ ہیروئن بپاشا باسو کی پہلی بنگالی فلم میں بھی کام کرچکی ہیں۔ ان کے کام کو کافی حد تک سراہا بھی گیا تھا۔