بھارتی ائیر فورس پائلٹ ابھی نندن جن کا طیارہ پاکستانی ائیر فورس کے ہاتھوں تباہ اور وہ پاکستان میں قید ہو گئے تھے کی مونچھوں کا انوکھا سٹائیل بھارت میں فیشن میں آ گیا ہے۔
بھارت میں لوگ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر ابھی نندن کے سٹائل کی مونچھیں رکھ رہے ہیں۔
پچھلے مہینے پلوامہ میں بھارتی پیرا ملٹری فورسز کے اہل کاروں کی بڑی تعداد میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔
بھارت نے 26 فروری کی رات پاکستان میں جیش محمد کے مبینہ کیمپ پر ائیر سٹرائکس کیں جس میں بھارتی دعووں کے مطابق 300 سے زائد دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔
پاکستان نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
اور پھر اگلے روز ہی اس کا جواب بھی آ گیا۔ پاکستان نے ایک فضائی جھڑپ میں بھارت کے دو جیٹ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
ابھی نندن کا طیارہ پاکستانی حدود میں گرا تھا اور انہیں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ابھی نندن بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اس ماحول میں انسانی استعارے کے طور پر سامنے آئے۔
انہیں اگلے جمعے کے روز پاکستان نے بھارت واپس بھیج دیا تھا۔
ہندوستان کے متعدد شہروں میں حجام کا کہنا ہے کہ اب اکثر لوگوں کی طرف سے اس خواہش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ ان کی مونچھیں ابھی نندن کے سٹائل میں تراشی جائیں۔
احمد آباد کے ایک فٹنس کلب کے مینیجر دھیرن مکوانہ، جنہوں نے اپنی مونچھیں ابھی نندن کی طرح ترشوائی ہیں، کہا کہ ’’ہر کوئی بالی وڈ کے فنکاروں کا سٹائل اپنانا چاہتا ہے مگر ابھی نندن ہمارا اصل ہیرو ہے۔‘‘
مکھوانہ کے حجام راجیش کا کہنا تھا کہ پچھلے روز تین افراد اس کی دکان پر آئے اور ابھی نندن کے اسٹائل میں مونچھیں ترشوانے کا کہا۔
بھارت کے اخبار موچھو ں کے اس سٹائل کو ’’دی گن سلنگر‘‘ کہہ رہے ہیں۔
محمد چندن نے، جنہوں نے ابھی نندن کے سٹائل میں مونچھیں بنوائی ہیں، خبر رساں ایجنسی رائیٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اس کا فین ہوں، اور اس کی طرح کا سٹائل رکھوں گا۔ مجھے اس کا سٹائل پسند ہے، وہ ہمارا اصل ہیرو ہے۔‘‘