چین کے نائب وزیر اعظم کی اسلام آباد آمد

نائب چینی وزیراعظم (فائل فوٹو)

چین کے نائب وزایر اعظم وانگ یانگ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کو اسلام آباد پہنچے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے طرف سے جاری بیان کے مطابق چینی نائب وزیر اعظم پاکستان کے سترویں یوم آزادای کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر 14 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں بطور خصوصی مہمان شریک ہوں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان کے مطابق چینی نائب وزیر اعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کریں گے اور ان کے دورے کے دورے چین اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی کئی یاداشتوں پر بھی دسخط کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کے وزیر اعظم بننے کے بعد چین کے کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان کی عدالت عظمیٰ کی طرف سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے بعد قومی اسبملی نے یکم اگست کو شاہد خاقان عباسی کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخت کیا۔

پاکستان اور چین ایک دوسرے کے روایتی حلیف ہیں۔ حالیہ سالوں میں پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے تحت چین پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان ناصرف اقتصادی شعبوں میں تعاون میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون میں بھی اضافہ ہوا ۔

حالیہ سالوں میں چین اور پاکستان کے درمیان وفود کے تبادلے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ میں چین کے فوجی دستے نے بھی شرکت کی تھی۔