'ٹرمپ کا بیان داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے'

کانگریس ارکان الہان عمر، ایانا پریسلی، الیگزینڈرا اوکاسیو کوٹیز اور راشدہ طلیب نے پیر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف پریس کانفرنس کی۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی چار خواتین ارکان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں ایوان نمائندگان کی چار ڈیموکریٹ خواتین ارکان کو 'گروہ' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جرائم سے بھرپور جن ممالک سے آئی ہیں وہیں واپس چلی جائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خواتین ارکان کا نام تو نہیں لیا تھا لیکن عام تاثر یہ ہے کہ ان کا اشارہ ڈیموکریٹس کی جانب سے پہلی بار ایوان کی رکن منتخب ہونے والی نسبتاً لبرل خواتین الہان عمر، ایانا پریسلی، الیگزینڈریا اوکاسیو کوٹیز اور راشدہ طلیب کی جانب تھا۔

چاروں خواتین ارکان نے کیپٹل ہل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹرمپ امیگریشن، ہیلتھ کیئر اور ٹیکسوں سے متعلق ناکام پالیسی سے توجہ ہٹانے اور لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اوکاسیو کوٹیز نے کہا کہ کند ذہن سربراہ ملک کو درپیش مسائل کو چھوڑ کر شہریوں کی ملک سے وفاداری کو چیلنج کر رہا ہے۔

اس موقع پر الہان عمر اور راشدہ طلیب نے ایک مرتبہ پھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایوان نمائندگان نے صدر ٹرمپ کے اس متنازع بیان کے خلاف مذمتی قرار داد تیار کرلی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نسل پرستانہ بیان سے ملک میں نفرت اور خوف کی فضا بنے گی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مذمتی قرارداد ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن کے اراکین کے لیے بھی مشکل کھڑی کر سکتی ہے کہ وہ یا تو اپنی جماعت کے صدر کے ساتھ کھڑے رہیں یا ان کے بیان کے خلاف قرارداد کے حق میں ووٹ دیں۔