بابر اعظم ایک بار پھر ٹی 20 کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے

بابر اعظم

بابراعظم کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران شاندار بیٹنگ کا صلہ مل گیا، وہ ایرون فنچ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے ایک بار پھر ٹی 20 کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے۔

پاکستان ٹیم کی ٹاپ پوزیشن بدستور برقرار ہےجبکہ بولرز میں شاداب خان دوسری اور عماد وسیم دسویں پوزیشن پر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم چار درجے بہتری کے بعد پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں جبکہ تیزرفتار بیٹنگ کے لئے شہرت رکھنے والے فخرزمان تین درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم نے متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی حالیہ ٹی 20 سیریز میں 81 اعشاریہ 50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 163 رنز بنائے تھے، سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو تین۔صفر سے وائٹ واش کیا۔

نئی رینکنگ میں بابراعظم پہلے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے، بھارت کے لوکیش راہول تیسرے، نیوزی لینڈ کے کولن مونرو چوتھے، پاکستان کے فخرزمان پانچویں، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل چھٹے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل ساتویں، انگلینڈ کے ایلکس ہیلز آٹھویں، انگلینڈ ہی کے جیسن روئے نویں اور بھارت کے روہت شرما دسویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے، پاکستان کے شاداب خان دوسرے، نیوزی لینڈ کے اِش سوڈھی تیسرے، بھارت کے یوزویندرا چہل چوتھے، انگلینڈ کے راشد خان پانچویں، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر چھٹے، ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری ساتویں، جنوبی افریقہ کے عمران طاہر آٹھویں، آسٹریلیا کے بلی اسٹین لیک نویں اور پاکستان کے عماد وسیم دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز
آل راؤنڈرز میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل پہلی، افغانستان کے محمد نبی دوسری، بنگلادیش کے شکیب الحسن تیسری، جنوبی افریقا کے جے پی ڈومینی چوتھی اور ویسٹ انڈیز کے مارلن سیموئلز پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ٹیمز
آسٹریلیا کے خلاف تین۔صفر سے سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے اور نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔