نریندر مودی کا عمران خان کو مبارک باد کا ٹیلی فون، نئے دور کے آغاز کی خواہش

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی۔ فائل فوٹو

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے متوقع وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو ٹیلی فون کیا ہے جس میں انہوں نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں اورنیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مطابق اس موقع پر بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاملات آگے بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبير کی جانی چاہئیے۔ جنگوں اور خونریزی سے تنازعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کیلئے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کو مشترکہ تدابير اختیار کرنا ہوں گی۔

چین کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے چین کے سفیر نے ملاقات کی اور چین کی حکومت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی پر تہنیتی پیغام پہنچایا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور چین کی حکومت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی ملاقات میں موجود بھی تھے۔

چینی سفیر یاؤجنگ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان کی جانب سے کی گئی تقریر کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں کامیاب الیکشن کے ذریعے جمہوری عمل مکمل ہوا، اب نئی حکومت کے ساتھ چین مل کر کام کرے گا۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستي دنیا کے لئے ایک مثال ہ۔ ، حکومت میں آکر چین کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے اور خطے کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں بڑھائیں گے۔

ایران کا مبارک باد کا پیغام

دوسری جانب ایرانی حکومت نے بھی عمران خان کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے عمران خان کو خط کے ذریعے کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط کیں۔ عمران خان کی جیت سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ایران پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔

مالدیپ کے صدر کا ٹیلی فون

پی ٹی آئی کے مطابق مالدیپ کے صدر نے بھی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نئی حکومت کے لئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران خان نے مالدیپ کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد مختلف بین الاقوامی شخصيات عمران خان کے ساتھ رابطہ کررہی ہیں اور حالیہ دنوں میں افغان صدر اشرف غنی ، سعودی سفیر اور دیگر اہم راہنماؤں نے عمران خان سے رابطہ کیا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے عمران خان کو دورہ کابل کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔