لوگ جب خوش ہوتے ہیں تو زیادہ کام کرتے ہیں: تحقیق

لیبارٹری ٹیسٹ کی ایک سیریز کے نتیجے سے پتا چلتا ہے کہ خوشی انسان کی پیداواری صلاحیت میں مزید 12 فیصد کا اضافہ کرتی ہے۔
کیا آپ جب اچھے موڈ میں ہوتے ہیں تو زیادہ محنت سے کام کرتے ہیں ؟ سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ورکرز اگر اچھے موڈ میں ہوں تو زیادہ اچھا کام کرتے ہیں اور مالکان کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں ۔
برطانوی محققین کا کہنا ہے کہ خوشگوار موڈ کے ساتھ کام کرنے والےملازمین زیادہ پیداواری ہوتے ہیں ۔
لیبارٹری ٹیسٹ کی ایک سیریز کے نتیجے سے پتا چلتا ہے کہ خوشی انسان کی پیداواری صلاحیت میں مزید 12 فیصد کا اضافہ کرتی ہے۔
'واروک یونیورسٹی ' کے معاشیات کے پروفیسر ڈاکٹر ڈینیل نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گوگل اپنے ملازمین کی فلاح وبہبود پربہت زیادہ سرمایہ خرچ کرتا ہے جس سے ورکرز مطمئین اور خوش ہیں اور نتیجے میں کمپنی نے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
ڈاکٹر ڈینیل نے کہا کہ ''ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ،جب لوگ خوش ہوتے ہیں تو اپنے وقت کو زیادہ موثر طریقے سے استعمال کرتے ہیں اور اپنے کام کی رفتار کو تیزکرلیتے ہیں جس سے معیار کی قربانی کے بغیر اچھا کام کرسکتے ہیں. ''

یہ تحقیق جرنل آف لیبر اکنامکس میں شائع ہوئی ہے جس میں 700 سے زائد افراد کے ساتھ چار مختلف تجربات کئے گئے۔
تجربات کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو یا تو مزاحیہ فلم کا کلپ دکھایا گیا یا پھر انھیں مفت چاکلیٹ، مشروبات اور پھل پیش کئے گئے۔
دوسرے گروپ میں شامل شرکاء سے محققین نے ان کے ذاتی دکھ یا کسی خاندانی حادثے مثلاً کسی عزیز کی موت کے حوالے سے سوالات پوچھے ،ماہرین یہ اندازا لگانا چاہتے تھے کہ آیا جو لوگ اپنی زندگی میں زیادہ خوش نہیں ہوتے ہیں کیا آگے چل کر اس سے ان کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
ڈاکٹر یوجینیو پروٹوجو اس تحقیق کے نگرانوں میں سے ہیں کہتے ہیں کہ " ہمارے چار تجربات کے نتائج سے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ ، خوش و خرم نظر آنے والے لوگ حقیقتاً زیادہ پیداواری صلاحیت کے مالک ہوتے ہیں۔"
انھوں نے مزید کہا کہ ان کی تحقیق کے نتیجے سے تمام قسم کےاداروں کو رہنمائی مل سکے گی کہ وہ افرادی قوت کے لیے کام کی جگہ کو جذباتی طور پر صحت مند بنانے کی کوشش کریں۔