پاکستان میں اکشے کمار کی نئی فلم کا ٹائٹل سینسر

توقع کی جارہی ہے کہ ”کھلاڑی “بھی سو کروڑ روپے کمانے والی فلموں کی فہرست میں اپنانام درج کرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

پاکستان میں بالی ووڈ ایکٹراکشے کمار کی نئی فلم ”کھلاڑی786“ٹائٹل سینسر کرنے کے بعد صرف ”کھلاڑی“کے نام سے جمعے کو ریلیز کردی گئی۔

سینسر بورڈ آف پاکستان کی جانب سے فلم کے ٹائٹل پر اعتراض کیا گیا تھا ۔ بورڈ کا نظریہ تھا کہ چونکہ بعض مسلمانوں کے دینی جذبات ”786“سے وابستہ ہیں چنانچہ ان کے جذبات کو کہیں ٹھیس نہ پہنچے لہذا فلم کے ٹائٹل سے یہ ہندسے حذف کردیئے گئے۔

انگریزی روزنامے ’ٹری بیون‘ کے مطابق بورڈ نے ٹائٹل سینسر کرنے کے فوری بعد راولپنڈی اور کراچی میں لگنے والے فلم کے تمام پوسٹرز اور بورڈز بھی فوری طور پر ہٹانے کے احکامات دیئے ہیں۔

فلم میں اکشے کمار کے علاوہ آسن ،متھن چکرورتی ‘ راج ببر‘ پاریش راول‘ مکیش رشی اور مکیش رشی شامل ہیں۔فلم آج شہر کے تمام سنے پلیکس سنیماؤں میں پیش کردی گئی۔اس فلم کا ایک آئٹم سانگ ”بلما“ فلم کی ریلیز سے پہلے ہی خوب مقبول ہوگیا ہے۔

اکشے کمار کی رواں برس ریلیز ہونے والی یہ تیسری فلم ہے ۔ اس سے قبل ”ہاؤس فل ٹو“ اور ”راوٴڈی راٹھور“ ریلیز ہوچکی ہیں۔ ان دونوں فلموں نے ناصرف زبردست کامیابی حاصل کی بلکہ اپنا نام سو کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلموں میں بھی اپنا درج کرایا۔

توقع کی جارہی ہے کہ ”کھلاڑی “بھی سو کروڑ روپے کمانے والی فلموں کی فہرست میں اپنانام درج کرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوزکے مطابق پاکستان میں اس فلم کے امپورٹر افضل رشید کا کہنا ہے کہ فلم ”کھلاڑی“ میں ایسا کچھ نہیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔انھوں نے کہا کہ فلم میں انٹرٹیمنٹ میوزیکل ‘ ایکشن اورکامیڈی ۔۔سب ہی کچھ ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو اچھی تفریح دینا ہے۔