رمشا مسیح کیس کی گونج پاکستان کے ایوانوں تک پہنچ گئی

سینیٹر کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی قانون کے خلاف نہیں تاہم قانون کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔
رمشا مسیح کیس کی گونج پاکستان کے ایوانوں تک پہنچ گئی ۔ چیئرمین سینیٹ نےرمشا کیس سے متعلق قائد ایوان سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ارکین قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ رمشا سے متعلق سازش کو بے نقاب کیا جائے گا ۔

پیر کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نیئر حسین بخاری کی صدارت میں شروع ہوا ۔ اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں توہین قرآن کے جرم میں گرفتارمسیح لڑکی چودہ سالہ رمشا کو فی الفور رہا کیا جائے اور اسے تحفظ فراہم کیا جائے ۔ ہمارے ملک میں مذہب اور گروہ کے نام پر سیاسی جماعتیں قائم ہیں اور ان میں سے بعض گروہوں کی وابستگی بیرون ممالک بھی ہے ۔

سینیٹر کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی قانون کے خلاف نہیں تاہم قانون کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔ چیئرمین سینیٹ نے رمشا کی سے متعلق قائد ایوان سے رپورٹ طلب کر لی ۔ سینیٹر کلثوم پرویز نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ٹارگٹ کلنگ اور لاپتہ افراد کا معاملہ تشویش ناک صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی ٹیم بلوچستان کا دورہ کرنے والی ہے۔ ایسا نہ ہو کہ اقوام متحدہ وہاں فوج بھیجنے کا فیصلہ کرے۔ بلوچستان کے مسئلے پر چند گھنٹے کے بجائے سیر حاصل بحث کی جائے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں شروع ہوا ۔ مختلف اراکین کے سوالات کے جواب میں وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ رمشا کیس ملک کو بدنام کرنے کی ایک ساز ش ہے اور وہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس سازش کو بے نقاب کیا جائے گا ۔

قومی اسمبلی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں عوامی نیشنل پارٹی اورایم کیوایم ایم نے علامتی واک آؤٹ کیاجبکہ اے این پی نے دھمکی دی کہ قیمتوں میں اضافہ نہ لیا گیا تووہ ایوان میں نہیں آئے گی۔