راجیش کھنہ کی یادیں اور باتیں

راجیش کھنہ سپر اسٹار

بالی وڈ کو حقیقی سپر اسٹار کا تصور دینے والے راجیش جنھیں پیار سے ’کاکا‘ کہا جاتا تھا، ان کی ذاتی زندگی بھی کسی فلم ہی کی طرح نشیب و فراز سے پر رہی
بھارتی فلموں کی سو سالہ تاریخ کے پہلے سپر اسٹار،راجیش کھنہ کی زندگی کی پہیلی آج سدا کے لئے حل ہوگئی۔ وہ واقعی خاموشیاں چن کر سپنوں کی دنیا سے بھی آگے نکل گئے۔آج انہوں نے اس دنیا سے منہ موڑ لیا اور اپنے لاکھوں چاہنے والوں کو سوگوار کر گئے۔

بالی وڈ کو حقیقی سپر اسٹار کا تصور دینے والے راجیش جنھیں پیار سے ’کاکا‘ کہا جاتا تھا، ان کی ذاتی زندگی بھی کسی فلم ہی کی طرح نشیب و فراز سے پر رہی۔خوبصورت ،نرم گفتار، دھیمی اور دلکش شخصیت کے مالک راجیش کھنہ نے فلم نگری میں قدم کیا رکھا ،اچھے اچھے رومنیٹک ہیروز کی سمجھو چھٹی ہی کرا دی۔ ان کے سحر میں گرفتار پرستار خواتین ان کی ایک جھلک دیکھنے کو پاگل ہوئی جاتی تھیں۔
دوستوں کو مہنگے تحائف دینا اُن کی عادت تھی ...
.


آواز کی دنیا میں راج کرنےوالی آشابھوسلے کے بقول ”ان کی پرستار ہرعمر کی خواتین خواہ شادی شدہ ہوں یا غیر شادی شدہ راجیش کھنہ کو جنون کی حد چاہتی تھیں اور ان کی تصویر اپنے پرس میں رکھا کرتی تھیں۔۔ انہیں خون سے خط بھی لکھے جاتے۔۔ تو ان کی تصویر سے بیاہ بھی رچا یا جاتا۔ خود اپنی ہی انگلی کو کاٹ کر راجیش کھنہ کے نام پر خون سے مانگ بھی خود ہی بھر لی جاتی۔ غرض کہ راجیش کھنہ کی پسندیدگی مانو کسی ’وائرس‘ کی طرح سب کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے تھی۔
اُن کی شائقین راجیش کی تصویر اپنے پرس میں رکھا کرتی تھیں ...
.


انگنت کامیاب فلموں کے مصنف اور راجیش کھنہ کے پڑوسی سلیم کے مطابق ”راجیش کھنہ بنیادی طور پر بہت شرمیلے تھے۔ وہ اپنے جذبات کا کھل کر اظہار بھی نہیں کرپاتے تھے۔ یہ وہ بات ہے جو راجیش کھنہ جیسے سپر اسٹار کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا لیکن وہ حقیقی زندگی میں ایسے ہی تھے۔ وہ بہت سخی اور کھلے دل کے بھی تھے۔ دوستوں کو مہنگے مہنگے تحائف دینا ان کی عادت تھی۔

بادشاہوں جیسی زندگی گزارنے والے راجیش کھنہ بہت حساس دل کے مالک تھے اور اس کا اعتراف ان کے قریبی حلقے میں شامل ہر شخص کرتا ہے۔ وہ اپنی ذات سے کسی کو تکلیف دینے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

ٹائمز آف انڈیا‘ سے وابستہ ایک صحافی شروتی پنڈت کا کہنا ہے ”’ایک بارمیں نے راجیش کھنہ سے ملاقات کی اور ان کی زندگی پر کتاب لکھنے کا ارادہ ظاہر کیا جسے سن کر وہ مخصوص نرم مسکراہٹ کے ساتھ بولے کہ وہ اپنے اوپرٍ کتاب نہیں لکھوانا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ وہ بول نہیں سکتے اور اگر انہوں نے سب سچ سچ کہا تو کئی لوگوں کے دل کو ٹھیس پہنچنے گی اور وہ اپنی وجہ سے کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہتے۔
وہ ایک حساس دل کے مالک تھے ...
...



راجیش کھنہ کی حقیقی محبت
سلور اسکرین سے لاکھوں دلوں کی دھڑکن بننے والے راجیش کھنہ کی نجی زندگی میں محبت کا گزر نہ ہو یہ ممکن ہی نہیں تھا۔انہوں نے بھی طوفانی انداز کا عشق کیا ۔عمر میں اپنے سے پندرہ سال چھوٹی ڈمپل کپاڈیہ سے۔ ڈمپل کی عمر ا س وقت سولہ سال تھی اور ان کی پہلی فلم ’بابی‘ بھی اس وقت تک ریلیز نہیں ہوئی تھی۔

اس محبت کا انجام شادی پر ہوا جو گیارہ سال چلی۔ اس کے بعد دونوں کے راستے جدا ہو گئے۔ ڈمپل کے بعدر اجیش کھنہ کا نام کبھی ٹینا مینم تو کبھی کسی اور لڑکی کے ساتھ جڑا ۔لیکن شایدسچی محبت انہوں نے بھی ڈمپل ہی سے کی تھی۔

عمر کی شام تک آتے آتے راجیش کھنہ تنہائی اور اکیلے پن کا شکار ہوتے چلے گئے۔گو کہ وہ جہاں اورجس محفل میں بھی جاتے ان کی پذیرائی والہانہ انداز میں ہی کی جاتی لیکن پھر بھی گزرتے وقت نے بہت کچھ تبدیل کردیا تھا ۔
ڈمپل کپاڈیہ سےشادی کی جو گیارہ برس چلی ...


راجیش کھنہ کی بیماری میں ان کی پہلی محبت یعنی ڈمپل ایک بار پھر ان کی زندگی میں لوٹ آئیں اور ان کا بھرپور خیال رکھا۔ ان کی دو بیٹیوں ٹونئکل اور رنکل کھنہ کی موجودگی نے ان کو ایک با ر پھر بیماری سے لڑنے کی طاقت دی اور خاندان کا سکھ ان کے لئے خوشی کا باعث بھی بنا۔

راجیش کھنہ اپنی فیملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہتے تھے۔’ میں مطمئن ہو ں کہ میری دونوں بیٹیوں کی شادیاں بہت اچھی جگہ ہوئیں اوروہ خوش ہیں۔ میرے دونوں ہی داماد بہت اچھے ہیں لیکن اکشے (اداکار اکشے کمار)سے میری زیادہ جمتی ہے ۔ شاید اس لئے کہ وہ بھی میری طرح فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتا ہے اور میری ہی طرح ہنس مکھ ہے‘۔

اپنی جاندار اداکاری سے محبت کو حقیقت کے روپ میں ڈھالنے والا یہ شخص اپنے گھر’آشیرواد ‘ میں اپنے چاہنے والوں کے بیچ خاموشی سے دنیا چھوڑ گیا لیکن اس کا کام اسے امر کرنے کے لئے کافی ہے جو آنے والی کئی نسلوں کو بالکل اسی طرح حوصلہ دلاتا رہے گا جیسے اب تک کئی نسلوں کو کرتا آیا ہے۔