امریکی کاروں پر غیر منصفانہ محصولات، ڈبلیو ٹی او میں چین کے خلاف دعویٰ دائر

صدر اوباما انتخابی مہم پر

تجارت کی عالمی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے پاس نئی شکایت درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے صدر اوباما نےکہا ہے کہ چین نے امریکہ میں تیار کردہ موٹر گاڑیوں پر مبینہ طور پر تین بلین ڈالر سے زائد کے غیر منصفانہ محصولات عائد کیے
امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی کاریں بنانے والوں کےمفادات کونقصان پہنچانے پر اُن کی حکومت چین کا احتساب کرے گی۔

جمعرات کو اوہائیو کے وسط شمالی شہر تولودو میں صدارتی انتخابی مہم کے دوران اپنے خطاب میں، مسٹر اوباما نے کہا کہ امریکیوں کو مساویانہ سلوک پر مبنی مراعات کا ماحول درکار ہے۔

مٹ رومنی کی انتخابی مہم


تجارت کی عالمی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے پاس نئی شکایت درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ چین نے امریکہ میں تیار کردہ موٹر گاڑیوں پر مبینہ طور پر تین بلین ڈالر سے زائد کے غیر منصفانہ محصولات عائد کیے۔


تولودو میں موٹر گاڑیاں تیار کرنے کا ایک بڑا کارخانہ قائم ہے۔ مسٹر اوباما نے مجمعے کو بتایا کہ پچھلے چھ معاملات جنھیں ڈبلیو ٹی کے توسط سے پیش کیا گیا دعوے ثابت کرنے میں کامیاب رہے۔

مسٹر اوباما جمعرات اور جمعے کے دِن اوہائیو اور پینسلوانیا میں گزاریں گے، جو کہ نومبر میں ہونے والے عام انتخابات میں دو فیصلہ کُن ریاستوں کا درجہ رکھتی ہیں۔

سنہ 2008کے انتخابات میں اُنھوں نے اِن دونوں ریاستوں میں فتح حاصل کی تھی اور ایک حالیہ عام جائزے سے پتا چلتا ہے کہ اپنے ریپبلیکن حریف مِٹ رومنی کےمقابلے میں یہاں اُنھیں صرف ایک معمولی سی برتری حاصل ہے۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران صدر اپنے آپ کو عام مزدور کے مفادات کا حامی جب کہ مِٹ رومنی کو نووارد سیاست داں اور ایک سرمایہ دار کاروباری شخص کے طور پر پیش کریں گے۔

اِن دِنوں رومنی اپنی انتخابی مہم سے مختصر رخصت پر ہیں اور خاندان کے ساتھ نیو ہیپشائر کی شمال مشرقی ریاست میں ویکیشن منا رہے ہیں۔

’سی بی ایس‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں این رومنی نے کہا ہے کہ اُن کے شوہر اپنی
جماعت کے نائب صدر کے عہدے کے لیے ایک خاتون امیدوار کو نامزد کرنے پر غور کر رہے ہیں، جس آپشن کو وہ پسند کرتے ہیں۔ رومنی کی انتخابی مہم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت وہ نائب صدارت کے لیے کئی ایک امیدواروں کے ناموں پر غور کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی نام ظاہر نہیں کیا گیا۔