رسائی کے لنکس

زندہ افراد کا تابوت میں وقت گزارنے کا انوکھا کھیل


ڈراؤنی فلموں میں اکثر زندہ افراد کو تابوت میں ڈالنے یا دفنانے کی کہانی دیکھ کر تو ہم سب ہی خوف زدہ ہو جاتے ہیں۔ لیکن اسپین کے شہر بارسلونا میں ایک کمپنی نے ان فرضی کہانیوں کو حقیقت بنا دیا ہے۔

ہسپانوی کمپنی 'ہورر باکس' نے ایڈوینچر کے شوقین افراد کے لیے ایک ایسا کھیل پیش کیا ہے جس میں زندہ انسان تابوت کے اندر لیٹ کر ایک پزل سلجھانے کی کوشش کرتا ہے۔

اس کھیل کا نام 'کیٹالیپسی' ہے جو 'کلسٹروفوبک' افراد کے لیے بالکل نہیں ہے جنہیں اندھیری یا چھوٹی جگہوں میں گٹھن محسوس ہوتی ہے۔

'کیٹالیپسی' دراصل ایک بیماری ہے جس میں انسان خود کو ہلا جلا نہیں سکتا اور وہ سکتے کی کیفیت میں چلا جاتا ہے۔

اس لائیو ایکشن گیم میں حصہ لینے والوں کو 30 منٹ کا وقت دیا جاتا ہے۔ اس گیم میں حصہ لینے والے اپنے ساتھ ایک پارٹنر بھی لے جا سکتے ہیں۔ لیکن دونوں کو الگ الگ تابوت میں بند کیا جاتا ہے۔

دونوں پارٹنرز لاؤڈ اسپیکر کی مدد سے آپس میں بات کر سکتے ہیں اور مل کر تابوت کے اندر موجود ایک پزل کو سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ تابوت میں سی سی ٹی وی کیمرا بھی نصب ہے اور باہر موجود گیم ماسٹر انہیں مانیٹر کر رہا ہوتا ہے۔

گیم ماسٹر ارورا الورینو کا کہنا ہے کہ اس کھیل کو بنانے کا مقصد ایک ایسی صورتِ حال کو بنانا ہے جسے ہم سب کو جلد یا دیر ہی صحیح کبھی نہ کبھی تجربہ ضرور کرنا ہو گا۔

اس کے علاوہ گیم کھیلنے کے خواہش مند افراد ٹکٹ خریدتے وقت اپنی مرضی کے مطابق ماحول کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ یعنی تابوت میں جانے کے بعد وہ مصنوعی دھواں یا مصنوعی آگ کے شعلے دیکھنا چاہتے ہیں۔ شرکا اپنی مرضی کا میوزک بھی لگوا سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG