|
سردیوں کا لطف دینے والے میوے اور پھل تو موسم کے آغاز کے بعد آنا شروع ہوتے ہیں لیکن ٹھنڈے موسم میں مزے کی نیند کے لیے گرم بستر اور کپڑوں کی تیاری پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے۔
جاڑے سے بچنے کے لیے ہر ملک اور کلچر میں الگ الگ ترکیبیں اختیار کی جاتی ہیں لیکن لحاف اور کمبل ہر جگہ ہی استعمال ہوتے ہیں۔
کمبل یا لحاف کے آرام دہ ہونے کا پیمانہ تو یہ ہے کہ وہ سردی سے بچائے اور جسم کو گرم رکھے۔ اس معیار کو حاصل کرنے کے لیے اس میں مختلف تبدیلیاں آتی رہی ہیں۔ کمبل کو گرم اور آرام دہ بنانے کے لیے اون، ریشم، روئی، مصنوعی ریشے وغیرہ کا استعمال بھی ہوتا ہے۔
لیکن اب اسے گرم کے ساتھ ساتھ زیادہ آرام دہ بنانے کے لیے اس میں دیگر اجزا شامل کرکے اسے وزنی بنانے کی ترکیب پر بھی کام ہو رہا ہے اور ایسے کمبل کو ’ویٹڈ بلینکٹ‘ یا بھاری کمبل کہا جا رہا ہے۔
امریکہ کی ریاست ساؤتھ کیرلائنا کے شہر چالسٹن کی ایک بینکر رونڈا جیمز کے شوہر نے جب ان کے لیے ایسے ہی ایک کمبل کا آن لائن آرڈر دیا تو انہیں ڈر تھا کہ وہ اتنا کار آمد نہیں ہوگا۔
لیکن جب یہ بھاری کمبل ان کی اہلیہ نے اوڑھا تو وہ پانچ منٹ بعد ہی نیند کی آغوش میں چلی گئیں۔
جیمز کہتی ہیں کہ یہ کمبل اوڑھ کر ایسا محسوس ہوا جیسے کسی بہت بڑی چیز کو گلے لگایا ہوا ہے۔
جیسے جیسے موسم سرد ہوتا ہے بہت سے لوگ سوتے وقت جسم گرم رکھنے کے لیے بھاری کمبل کو ایک بہتر انتخاب سمجھتے ہیں۔ ان کے خیال میں کمبل میں وزن پیدا کرنے سے اسے اوڑھنے کے بعد جسم پر جو اضافی پریشر پڑتا ہے اس سے دن بھر کی تھکاوٹ کم کرنے اور فوری نیند آنے میں مدد ملتی ہے۔
لیکن کیا واقعی بھاری کمبل کے فائدے بھی ہیں؟ اس حوالے سے کی گئی تحقیق محدود ہیں۔ تاہم کچھ دل چسپ حقائق ضرور سامنے آئے ہیں۔
بھاری کمبل ہوتے کیا ہیں؟
بھاری کمبل اضافی وزن کے ساتھ آتے ہیں جو عام طور پر شیشے کی گولیوں، پیلٹس، روئی یا کسی اور چیز سے بھرے ہوتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس (یو سی ایل اے) ہیلتھ میں خواب آور ادویات کے ماہر ڈاکٹر نیل والیا کہتے ہیں کہ کمبل کا وزن یا دباؤ آپ کے جسم پر پڑتا ہے یعنی جب آپ کمبل اوڑھتے یا لپیٹتے ہیں تو یہ دماغ کی بے چینی یا ردِ عمل کو پُرسکون کرسکتا ہے۔
ان کے بقول جسم پر کمبل کا یکساں طور پر پڑنے والا وزن آپ کے جسم کو کہتا ہے "ارے آپ تو پُرسکون ماحول میں ہیں۔"
ڈاکٹر نیل کہتے ہیں کہ اضافی دباؤ دماغ کو یہ سگنل بھی بھیج سکتا ہے کہ وہ محبت کا ہارمون جسے آکسی ٹوسن بھی کہا جاتا ہے، ریلیز کرے۔ یہ ہارمون انزائٹی یعنی اضطراب کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
کیا بھاری کمبلوں سے نیند بہتر ہو سکتی ہے؟
وزن والے کمبل کے فائدہ مند ہونے کے بارے میں ہونے والی دستیاب ریسرچز چھوٹے گروپس پر کی گئی ہیں۔
ان میں سے زیادہ تر مطالعات اوسط نیند لینے والوں سے متعلق نہیں ہیں بلکہ وہ اس بات پر ہیں کہ آیا وزن والے کمبل نیند کے مسائل اور ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد کی مدد کر سکتے ہیں۔
اس بارے میں تحقیق کے ابھی حتمی نتائج نہیں آئے ہیں۔ لیکن کچھ ایسے اشارے ملے ہیں کہ وزن والے کمبل انزائٹی، دائمی درد میں کمی اور نیند میں مدد دے سکتے ہیں۔
انسومیا یعنی بے خوابی کا شکار 120 افراد پر کی گئی ایک تحقیق میں یہ پتا چلا ہے کہ ہلکے کمبل کے مقابلے میں بھاری کمبل نے بہتر نیند میں مدد ثابت ہوئے۔
اسی طرح آٹزم کے شکار 67 بچوں پر وزن والے کمبل کو آز مایا گیا۔ اگرچہ اس سے ان کی نیند پر کوئی زیادہ اثر نہیں پڑا لیکن بچوں اور ان کے والدین نے عام کمبل کے مقابلے میں اسے زیادہ پسند کیا۔
ایک تیسری تحقیق میں دائمی درد کے شکار 94 افراد پر بھاری کمبل کا استعمال کیا گیا جس میں پتا چلا کہ کمبل نے ان کی نیند پر تو کوئی اثر نہیں ڈالا لیکن وہ ہلکے کمبل کے مقابلے میں درد کم کرنے میں بہتر ثابت ہوا۔
اگرچہ بھاری کمبلوں کے فوائد کی حمایت میں ابھی شواہد مضبوط نہیں ہیں۔ لیکن نیند کے ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ انہیں آزمانا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
وائل کورنیل میڈیسن میں خواب آور ادویات کے ماہر ڈاکٹر ڈینئل برون اپنے مریضوں کو تجویز کرتے ہیں کہ روایتی تھیراپیز اور ادویات کے بعد ان کمبلوں کو آزمایا جا سکتا ہے۔
ان کے بقول اگر یہ کمبل نقصان دہ نہیں ہے تو ہوسکتا ہے یہ فائدہ پہنچا دے۔ اس کا تجربہ کیا جا سکتا ہے۔
بھاری کمبل کا استعمال کیسے کریں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر صحت مند افراد کمبل کو اپنے جسم کے وزن کے حساب سے منتخب کریں۔ ماہرین کے مطابق کمبل کا وزن جسم کے وزن کا تقریباً 10 فی صد ہو۔
یعنی اگر ایک شخص کا وزن 65 سے 70 کلو ہے تو وہ ساڑھے چھ سے سات کلو کے کمبل کا انتخاب کر سکتا ہے۔
تاہم چھوٹے بچوں کے لیے بھاری کمبل تجویز نہیں کیے جاتے کیوں کہ اس سے بچوں کی حرکت اور سانس لینے میں رکاوٹ ہو سکتی ہے۔
اسی طرح جن لوگوں کو سونے سے متعلق مسائل یا سانس کی تکالیف ہوں انہیں بھاری کمبل استعمال کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔
کمبلوں کے اندر اضافی بھرائی کے لیے اضافی قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے جو اس کے سائز، وزن اور معیار کے مطابق ہوتی ہے۔ امریکہ میں معیاری کمبل کی قیمت 50 سے 300 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔
فورم