رسائی کے لنکس

امریکہ نجر کے قتل کی تفتیش میں بھارتی تعاون کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا


امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر، فائل فوٹو
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر، فائل فوٹو

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقا ت میں بھارتی تعاون کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے بدھ کو روز انہ کی بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ امریکہ نے اس سلسلے میں اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اپنے بھارتی ہم منصب سبرا منیم جے شنکر سے اس ہفتے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں یہ مسئلہ اٹھائیں گے، ترجمان ملر نے کہا کہ اس ملاقات میں وہ (امریکی وزیر خارجہ) جو بات چیت کریں گے، اس پر وہ پہلےسےکچھ کہنا نہیں چاہتے۔

تاہم ترجمان نے اس مسئلے پر واشنگٹن کے موقف کا اعادہ کیا اور کہا: "ہم نے واضح کر دیا ہے، ہم نے اسے (مسئلہ کو) اٹھایا ہے۔ ہم نے اس پر اپنے بھارتی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ کینیڈین تحقیقات میں تعاون کریں، اور ہم تعاون کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔"

خیال رہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کےقتل میں بھارتی ایجنٹوں کےملوث ہونے کے بارے میں قابلِ بھروسہ انٹیلی جینس معلومات موجود ہیں۔

نئی دہلی نے جسٹن ٹروڈو کے الزام کی تردید کرتے ہوئے برہمی کا کا اظہار کیا تھا۔

ہردیپ سنگھ بھارت کے صوبہ پنجاب میں ایک علیحدہ ریاست کے قیام کے لیے خالصتان تحریک کے حامی تھے۔

بدھ کو روزانہ کی بریفنگ کے دوران جب ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا بلنکن نے نیو یارک میں چار ممالک کے کواڈ گروپ کی میٹنگ کے دوران اس مسئلہ کو اٹھایا تو انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں اس مسئلے پر گفتگو نہیں ہوئی تھی کیونکہ یہ متعدد ملکوں کی میٹنگ تھی، امریکہ اور بھارت کے سفارتکاروں کے درمیان کوئی دو طرفہ ملاقات نہیں تھی۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا امریکہ نے بھارت کے ساتھ ملاقاتوں میں نئی دہلی کی طرف سے سکھ رہنما کے قنل کی تحقیقات کے معاملے پر تعاون پر آمادگی دیکھی ہے تو ترجمان نے کہا کہ وہ پرائیویٹ سفارتی گفتگو پر کوئی بات نہیں کریں گے۔

سکھ علیحدگی پسند تحریک خالصتان کے بارے میں امریکہ کےموقف پر ایک سوال کے جواب میں ترجمان ملر نے کہا کہ وہ اس معاملے پر کچھ بھی نہیں کہنا چاہیں گے۔

اس سوال پر کہ کیا بھارت نے امریکہ سے خالصتان تحریک پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے؟ ترجمان ملر نے کہا کہ وہ پرائیویٹ سفارتی گفتگو پر بات نہیں کریں گے۔

فورم

XS
SM
MD
LG