رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کا انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے پھر انکار، حامیوں کے واشنگٹن میں مظاہرے

اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ابھی ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے۔ یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔ 

10:52 10.11.2020

بائیڈن کا کرونا حکمتِ عملی کا اعلان، ٹرمپ کا انتخابی شکست تسلیم کرنے سے انکار

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ملک کے 46ویں نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کام شروع کر دیا ہے جب کہ موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں شکست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ شواہد پیش کیے بغیر انتخابات میں مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہے ہیں اور وہ انتخابی نتائج تسلیم کرنے کو بھی تیار نہیں۔

پیر کی شب صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں اس خبر کو شیئر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ انتخابات میں ووٹنگ کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹارنی جنرل ولیم بر دیکھیں گے۔

دوسری جانب جو بائیڈن نے حکومت سازی کی تیاری شروع کر دی ہے اور آئندہ کی اپنی ترجیحات سامنے لا رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

10:46 10.11.2020

جو بائیڈن کے کرونا سے متعلق ایڈوائزی بورڈ میں کون کون شامل ہے؟

امریکی صدارتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک کے 46ویں صدر منتخب ہونے والے جو بائیڈن جہاں ایک جانب حکومت سازی کی تیاری میں مصروف ہیں وہیں وہ اپنی آئندہ کی ترجیحات سامنے لا رہے ہیں۔

جو بائیڈن نے کرونا وائرس کو اپنی حکومت کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔ انہوں نے پیر کو کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمتِ عملی کے لیے ماہرین پر مشتمل 13 رکنی ایڈوائزری بورڈ کا اعلان کیا ہے۔

جو بائیڈن کی ٹیم میں ڈاکٹر ووک مرتھی، سابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کمشنر ڈاکٹر ڈیوڈ کیسلر اور ییل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر مارسیلا نونیز اسمتھ شامل ہیں۔

جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام اُن کی انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہو گا اور ماہرین اُنہیں عالمی وبا کی صورتِ حال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

10:38 10.11.2020

جو بائیڈن کی امریکیوں کو ماسک پہننے کی تاکید

امریکی صدارتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق نو منتخب صدر جو بائیڈن نے امریکی عوام کو ایک مرتبہ پھر ماسک پہننے کی تاکید کی ہے۔

جو بائیڈن نے پیر کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ 20 جنوری تک امریکہ کے صدر نہیں بنیں گے۔ اس سے قبل اُن کا ہر شخص کے لیے پیغام ہے کہ ماسک ضرور پہنیں۔

یاد رہے کہ جو بائیڈن نے کرونا وائرس کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا ہے جس سے نمٹنے کے لیے انہوں نے 13 رکنی ماہرین کی ٹیم کا بھی اعلان کیا ہے۔

20:14 9.11.2020

سعودی بادشاہ شاہ سلمان اور ولی عہد کی بائیڈن کو مبارک باد

سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اُن کے صاحبزادے ولی عہد محمد بن سلمان نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیدن اور منتخب نائب صدر کاملا ہیرس کو مبارک باد دی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'سپا' کے مطابق اتوار کو ایک بیان میں سعودی بادشاہ نے سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی اور دوستانہ روابط کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ان روابط کو مزید فروغ دینے کے حق میں ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ تاہم جو بائیڈن استنبول میں سعودی قونصل خانے میں سعودی صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لینے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG