رسائی کے لنکس

عراق: سنجار میں جنگجوؤں پر امریکی ڈرون حملے


یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے عراق میں جنگجوؤں کے خلاف برسرپیکار کردوں کے لیے ہتھیار بھیجوانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

امریکہ کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ عراق کے جنوبی شہر سنجار میں ڈرون حملوں میں اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کی دو بکتربند گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

امریکی سنٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ڈرون حملے کی ہدایت کرد فورسز کی اس اطلاع پر دی گئی کہ باغی عسکریت پسند سنجار شہر کے جنوب میں کاؤجا گاؤں میں عام آبادی پر حملہ کررہے ہیں۔

دریں اثنا یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے عراق میں جنگجوؤں کے خلاف برسرپیکار کردوں کے لیے ہتھیار بھیجوانے کی منظوری بھی دے دی۔

امریکی فضائی حملوں اور امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر ملکوں کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کی وجہ سے شمالی عراق میں جبل سنجار میں عسکریت پسندوں کے خوف سے پناہ لیے اقلیتیوں سے متعلق کسی سنگین صورتحال کے خطرات کم ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اعلامیہ کے بعد کہ پناہ گزینوں کا بحران شدید صورتحال اختیار کر چکا ہے امدادی تنظیموں نے اس بارے میں اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 12 لاکھ افراد عسکریت پسندوں کے مہلک حملوں سے بھاگ کر محفوظ مقامات پر پناہ لے چکے ہیں۔

جہاں فرانس کردوں کو ہتھیار فراہم کرنے جارہا ہے اور برطانیہ یزیدی فرقے کے پناہ گزینوں کو امداد فراہم کرنے کے امریکی کوششوں میں شامل ہو چکا ہے وہیں یورپی وزرائے خارجہ نے برسلز میں متفقہ طور پر ہر ممبر ملک کو کرد فورسز کو اسلحہ فراہم کرنے کی اجازت دی ہے۔

XS
SM
MD
LG