صدربائیڈن کاخطاب: میری انتظامیہ ٹرمپ ٹیم کے ساتھ اقتدارکی پرامن اورمنظم منتقلی پر کام کرے گی
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی انتظامیہ آنے والے امریکی رہنما کی ٹیم کے ساتھ مل کر اقتدار کی پرامن اور منظم منتقلی پر کام کرے گی۔
امریکی قوم سے خطاب میں جمعرات کو کہا کہ انہوں نے ڈونلڈٹرمپ سے بات کی ہے اور انہیں پانچ نومبر کے الیکشن میں ان کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ امریکی قوم الیکشن کے بعد پر امن اور منظم انتقال اقتدارکی مستحق ہے۔
صدربائیڈن نے کہا کہ انہوں نے الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کاملاہیرس سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہ ہیرس ان کی ایک شراکت دار ہیں، انہوں نے دلجمعی اور تندہی سے الیکشن میں حصہ لیا اور انہیں اور ان کی ٹیم کو اپنی مہم پر فخر ہونا چاہیے۔
اس موقع پر بائیڈن نے نوٹ کیا کہ مہمات میں متضاد نظریات کا مقابلہ ہوتا ہے۔ ملک ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرتا ہے۔ ملک جو فیصلہ کرتا ہے ہم اسے تسلیم کرتے ہیں۔