امریکہ اب نئی بلندیوں تک جائے گا: ڈونلڈ ٹرمپ
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ کے عوام نے آج تاریخ رقم کی ہے ۔ اب یہ ملک نئی بلندیوں تک جائے گا۔
ریاست فلوریڈا میں اپنے انتخابی ہیڈ کوارٹر میں حامیوں سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک امریکہ کو ایک محفوظ اور خوش حال ملک بنانے کا عہد پورا نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ امریکہ کے عوام کے حق کے لیے ہر روز مقابلہ کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ امریکہ کے سنہری دور کا آغاز ہونے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی جنگ شروع نہیں کی بلکہ میں نے جنگیں ختم کی ہیں۔ الیکشن مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران 900 ریلیاں کیں۔
انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ یہ وقت اتحاد کا ہے۔ گزشتہ برسوں میں جو تقسیم تھی اس کو پیچھے چھوڑنا ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا حامیوں سے خطاب
اہم سوئنگ اسٹیٹ پینسلوینیا میں ٹرمپ کامیاب
امریکہ کے صدارتی انتخابات میں اہم ترین سوئنگ اسٹیٹ پینسلوینیا میں بھی ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
پینسلوینیا میں 19 الیکٹورل ووٹ تھے جن کے حصول کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹ 267 ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ کا صدر بننے کے لیے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ چاہئیں۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کاملا ہیرس کو اب تک 214 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں۔
کاملا ہیرس کے انتخابی ہیڈکوارٹر کے باہر کیا صورتِ حال ہے؟
ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کے انتخابی ہیڈکوارٹر کے باہر کیا صورتِ حال ہے؟ رپورٹ کر رہے ہیں اسد حسن۔